خطیب ِ اعظم مولانا محمد شفیع اوکاڑوی   کا 40 ویں عرس کا آج آغاز

Feb 09, 2023


کراچی(پی پی آئی) بانی رکن جماعت ِ اہلِ سنّت ، مجدد مسلکِ اہلِ سنّت حضرت مولانا محمد شفیع اوکاڑوی رحمۃ اللّٰہ علیہ کا 40 واں سالانہ دو روزہ مرکزی عرس مبارک مولانا اوکاڑوی اکادمی ( العالمی ) اورگل زارِ حبیب ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام جامع مسجد گُل زارِ حبیب ، گلستانِ اوکاڑوی ( سولجر بازار ) میں آج جمعرات 9 فروری کو بعد نمازِ عشاء شروع ہوگا ، حضرت سیدنا داتا گنج بخشؓ اور حضرت شیرِ ربّانی شرقپوری ؒ کے مزار مبارک سے بھیجی گئی خصوصی چادریں دس بجے شب خطیب ِ ملت علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی اپنے بھائیوں ڈاکٹر محمد سبحانی اوکاڑوی ، صاحب زادہ حامد ربّانی اوکاڑوی اور عقیدت مندوں کے ہم راہ اپنے والدین کے مزار مبارک پر چڑھاکر عرس مبارک کی تقریبات کا آغاز کریں گے ، علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے تمام عقیدت مندوں سے کہا ہے کہ وہ مزار شریف پر چڑھانے کے لیے اپنے ہمراہ کپڑے کی چادریں لانے کی بجائے کسی مستحق کو پوشاک دے کر حضرت خطیب ِ اعظم کو ایصالِ ثواب کریں ۔ چادر پوشی و گل پاشی ، فاتحہ خوانی اور دعا کے بعد عرس شریف کی پہلی نشست میں ملک اور بیرونِ ملک سے آئے ہوئے علما و مشائخ خطاب کریں گے ۔  خطیب ِ اہلِ سنّت علامہ پیر بیرسٹر سید وسیم الحسن شاہ نقوی حافظ آبادی کا خصوصی خطاب ہوگا ۔ روحانی حلقوں اور اہلِ سنّت کی تنظیموں کی نمائندہ شخصیات شرکت کریں گی ۔ عرس شریف کے موقع پر اخبارات و جرائد میں خصوصی مضامین شائع کیے جائیں گے ۔ الخطیب کتابی سلسلہ کا سالانہ یادگاری مجلہ شائع کیا گیا ہے ، عرس شریف کی اس تقریب میں نعت و مناقب بھی پیش کیے جائیں گے ۔ متعدد دینی روحانی حلقوں اور اداروں کی طرف سے بھی ان کے مراکز میں عرس مبارک کی تقریبات منعقد کی جائیں گی  ۔ 

مزیدخبریں