خود پسندی شیطان کا ہتھیار‘ 70برس کے اعمال ضائع ہوجاتے

Feb 09, 2023


کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری نے کہا ہے کہ خود پسندی اور حسد باطنی بیماریاں ہیں ،جن کی معلومات حاصل کرنا بہت ضروری ہے ،اس سے بچنے کے فوائد اگر معلوم ہونگے تو حسد اور خود پسندی سے بچنا آسان ہوجائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدنی مذاکرے میں مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ امیر اہلسنت نے کہا کہ کسی کی نعمت کے چھن جانے کی تمنا کرنا حسد ہے ،حسد نیکیوں کو اس طرح کھا جاتا ہے جس طرح آگ لکڑی کو کھا جاتی ہے ،یعنی حسد نیکی کش ہے، بعض اوقات انسان کے دل میں حسد پیدا ہوجاتا ہے ،اگر ایسا ہوجائے تو اس کو خود سے دور کریں ،اس خیال کو نکالنے کی کوشش کریں اور دعا کے ساتھ اللہ پاک سے مدد بھی مانگیں ۔امیر اہلسنت نے کہا کہ کسی بھی نعمت یا صلاحیت کو اپنا کمال تصور کرنا یہ خود پسندی ہے ،ہمارے پاس جو کچھ بھی ہے ،جتنی بھی صلاحیتیں ہیں وہ تمام اللہ پاک کی عطا ہیں اس میں ہمارا کمال نہیں ہے یہ سب اللہ کا دیا ہوا ہے وہ جب چاہے واپس لے سکتا ہے ،خود پسندی شیطان کے ہتھیاروں میں ایک ہتھیار ہے ،خود پسندی ایسی باطنی بیماری ہے جس کی وجہ سے بندہ اللہ پاک کی تائید اور حمایت سے محروم ہوجاتا ہے اور جب بندہ اللہ پاک کی حمایت اور تائید سے محروم ہوجائے تو بہت جلد ہلاک وبرباد ہوجاتا ہے ،خود پسندی ستر سال کے اعمال برباد کرکے رکھ دیتی ہے ۔خود پسندی بہت نقصان دہ ہے ۔امیر اہل سنت نے کہا کہ عام طور پر خود پسندی کی معلومات لوگوں کو نہیں ہوتی ،بعض کی توجہ بھی نہیں ہوتی مگر یہ ضروری نہیں ہے توجہ نہ ہونا انہیں آخرت کے عذاب سے بچالے ،لہٰذا توجہ رکھنا بھی ضروری ہے ،یاد رکھیں ہمیں باطنی بیماریاں نظر نہیں آتی مگر ان سے بچنا ضروری ہے ۔

مزیدخبریں