اسلام آباد، (نوائے وقت رپورٹ) ایک چینی سیل بائیو ٹیکنالوجی کمپنی اور پاکستان زرعی تحقیق کونسل نے جانوروں کی ان وٹرو فرٹیلائزیشن ایک معاہدے پر دستخط کئے جس کے تحت آئی وی ایف اور کلوننگ کی تحقیق و ترقی میں تعاون کیا جائے گا۔گوادر پرو کے مطابق پاکستان زرعی تحقیق کونسل کے مطابق سیکرٹری پی اے آر سی محمد اسحاق اور ڈائریکٹر رائل سیل بائیو ٹیکنالوجی (پاکستان) ڈاکٹر قیصر شہزاد نے ایل او آئی پر دستخط کئے اس موقع پر چیئرمین پاکستان زرعی تحقیق کونسل ڈاکٹر غلام محمد علی بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر قیصر نے گوادر پرو کو بتایا کہ ایل او آئی کے تحت چینی کمپنی پاکستان زرعی تحقیق کونسل کے قومی زرعی تحقیقی مرکز میں جانوروں کی آئی وی ایف لیب کے قیام میں مدد دے گی انہوں نے کہا کہ کمپنی کے سائنسدان قومی زرعی تحقیقی مرکز میں پاکستانی سائنسدانوں کو جانوروں کی آئی وی ایف اور کلوننگ ٹیکنالوجی کی تربیت بھی دیں گے۔ڈاکٹر قیصر نے کہا کہ کمپنی پہلے ہی لاہور میں جانوروں کی ایک جدید ترین آئی وی لیب قائم کر چکی ہے اور قومی زرعی تحقیقی مرکز میں ایسی ہی لیبز کے قیام میں پاکستان زرعی تحقیق کونسل کی مدد کرے گی۔ کمپنی کے سی ای او چھن جون جی نے کہا کہ کمپنی میں جلد ہی چین کے گوانگ شی بفیلو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سائنسدانوں کا ایک وفد آئے گا۔ یہاں تقریباً ڈھائی کروڑ روپے مالیت کا کلوننگ سامان رکھا جائے گا وہ ہمارے پاکستانی عملے کو کلوننگ ٹیکنالوجیز کی تربیت بھی دیں گے۔ اس کے بعد ہم قومی زرعی تحقیقی مرکز کے سائنسدانوں کو تربیت دیں گے۔ کمپنی پاکستان میں جانوروں کی کلوننگ پر تحقیق کرنے والی پہلی تنظیم ہوگی۔
تعاون