پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کہتے ہیں کہ سب کو پتا لگنا چاہیے کہ تبدیلی آگئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا پی ایس ایل 8 کی ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر کہنا تھا کہ ’سب کو پتا لگنا چاہیے کہ تبدیلی آگئی ہے کیونکہ تبدیلی میں کچھ چیزیں مختلف ہوتی ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ ٹرافی کی رونمائی کے لیے شالیمار باغ سے بہتر جگہ کون سی ہوسکتی ہے. اپنے ستاروں کو سب کے سامنے لائے ہیں جب کہ ٹرافی کا ڈیزائن منفرد ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج تک ٹرافی باہر سے بنتی تھی لیکن اس مرتبہ اپنے ملک میں ڈیزائن ہوئی اور ہمارے لوکل کاریگروں نے ٹرافی کو تیار کیا۔نجم سیٹھی نے کہا کہ نوجوانوں نے شالیمار باغ نہیں دیکھا. جس نے لاہور نہیں دیکھا تو دیکھا کیا ہے؟انہوں نے مزید کہا کہ شالیمار باغ کا حسن اور تاریخ نئے طریقے سے عوام تک پہنچے گی جب کہ ہمیں کھیلوں کے ساتھ ساتھ اپنے کلچر کو بھی فروغ دینا چاہیے۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے آجپی ایس ایل 8 کی نئی ٹرافی کی رونمائی لاہور میں کردی ہے جب کہ ٹرافی کی رونمائی لاہور کے تاریخی شالیمار باغ میں کی گئی۔پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ٹرافی کی رونمائی کی جب کہ اس موقع پر مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین اور فرنچائزز کے نمائندے بھی موجود تھے۔پی ایس ایل 8 کی ٹرافی کا اسٹار 24 قیراط سونے سے تیار کیا گیا ہے۔ ٹرافی کے تین ستون 9 ہزار 907 زرقون پتھروں سے جڑے ہوئے ہیں جو قومی کرکٹ ٹیم کے نصب العین اتحاد، جذبہ اور طاقت کی نمائندگی کرتے ہیں۔ٹرافی کا پچھلا مرکزی ستون مزید کرسٹل سے مزین ہے جو قومی ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے لگن اور محنت کی نمائندگی کرتا ہے۔