پشاور+ کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ آئی این پی)عام انتخابات کے موقع پر خیبرپی کے کے دو اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں پولیس اور سکیورٹی فورسزپر بم دھماکے اور فائرنگ کے نتیجہ میں 6 اہلکار شہید جبکہ 4 زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈی آئی خان میں دھماکہ کے بعد دہشت گردوں کی جانب سے شدید فائرنگ بھی کی گئی۔ دونوں واقعات کے بعد پولیس اور فورسز نے مشترکہ طور پر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ تاہم آخری اطلاعات تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ کلاچی میں عام انتخابات کے لئے سکیورٹی پر تعینات ایلیٹ فورس کی موبائل وین معمول کی گشت پر تھی کہ اس دوران دہشت گردوں کی جانب سے نصب بم کے ذریعے وین پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجہ میں سب انسپکٹر سمیت5 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے دھماکہ کے بعد فائرنگ بھی کی گئی۔ اس حوالے سے پولیس لائن سے بھاری نفری کو طلب کرلیا گیا ہے۔ نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے حملے کے بعد اندھا دھند فائرنگ بھی کی گئی ہے۔ شہید ہونے والے اہلکاروں میں سب انسپکٹر سلطان یوسف خان، ڈرائیور ذیشان‘ کانسٹیبل محمد صابر‘ کانسٹیبل اسرار احمد اور کانسٹیبل علی محمد شامل ہیں۔ جبکہ زخمی اہلکاروں میں جہان دوست‘ دوست محمد‘ مشتاق وغیرہ شامل ہیں۔ دریں اثناء ٹانک میں نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک اہلکار شہید ہوگیا۔ ڈپٹی کمشنر ٹانک محمد شعیب کے مطابق دورانِ گشت سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی لیکن پولنگ کے عمل میں کوئی تعطل نہیں آیا۔ دریں اثناء بلوچستان کے ضلع خاران کے علاقہ لیما ٹاؤن میں دھماکہ سے لیویز کے 2 اہلکار شہید 9 زخمی ہو گئے۔ پنجگور میں پولیس سٹیشن کے سامنے دھماکہ سے 2 بچے زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے علاقے پشین اور قلعہ سیف اللہ دھماکوں کے مقدمات درج کرلیے گئے۔ سی ٹی ڈی کی جانب سے دھماکوں کے مقدمات نامعلوم افراد کے خلاف درج کیے گئے ہیں۔ پشین کے علاقے خانوزئی میں آزاد امیدوار کے انتخابی دفتر پر گزشتہ روز دھماکہ ہوا تھا۔ قلعہ سیف اللہ میں جمعیت علماء اسلام کے انتخابی دفتر پر دھماکہ ہوا۔ ان دونوں دھماکوں میں 26 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق مقدمات انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کیے گئے۔ بلوچستان میں بارودی سرنگ سے گاڑی ٹکرانے کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے میں آزاد امیدوار کے بھائی سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع کوہلو کی تحصیل ماوند میں اے سی گوادر کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا۔ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس سے دھماکہ ہوا اور گاڑی میں سوار تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔