لاہور سمیت کئی شہروں میں پولنگ سٹیشنز پر جھگڑے، فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی

Feb 09, 2024

لاہور (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ نمائندگان+ ایجنسیاں) عام انتخابات کے دوران ملک بھر میں لڑائی جھگڑوں کے واقعات بھی ہوئے جس کے نتیجہ میں کئی پولنگ سٹیشنز پر عملہ کے ارکان جبکہ کئی سیاسی کارکن بھی زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں نامہ نگار کے مطابق پی پی 173 میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما بلال یاسین اور تحریک انصاف کے امیدوار اصغر گجر کے سپورٹرز کے درمیان شدید لڑائی جھڑا ہوا اور دو افراد زخمی ہو گئے۔ لاہور کے حلقہ پی پی 146 سبزی منڈی میں (ن) لیگ کے دفتر کے باہر دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھڑپ ہو گئی۔ کارکنوں نے ڈنڈوں اور اینٹوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا جس سے خواتین اور بچوں سمیت چار افراد زخمی ہو گئے جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر جھگڑا کرنے والے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ خیبر پی کے کے علاقے لکی مروت میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑے کے دوران دو افراد جبکہ بلوچستان کے علاقے نصیرآباد میں بھی جھگڑے کے دوران تین افراد زخمی ہوئے۔ پشاور سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق مہمند کے حلقہ پی پی 67 گورنمنٹ جی پی ایس شہید بانڈہ 165 کے مشترکہ پولنگ سٹیشن مہمند میں اے این پی اور پی ٹی آئی کارکنان میں ہاتھا پائی کے دوران پریزائیڈنگ افسر زخمی ہو گئے۔ میرپور خاص سے آئی این پی کے مطابق سندھ کے ضلع میرپورخاص میں این اے 212 ٹنڈو جان محمد میں فائرنگ سے پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما کے گیسٹ ہاؤس کے باہر ہوئی گولیاں لگنے سے گیسٹ ہاؤس کا چوکیدار جاں بحق ہوا۔ اٹک سے آئی این پی کے مطابق گورنمنٹ بوائز ہائی سکول بھانگی حضرو اور پولنگ سٹیشن یو سی آفس نار ٹوپہ کے پولنگ سٹیشنز پر جھگڑے کے باعث پولنگ عارضی پر تقریباً پون گھنٹے کے تعطل کے بعد پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کیا گیا۔ کراچی سے این این آئی کے مطابق سعود آباد میں ملزمان پریزائیڈنگ افسر سے پولنگ میٹریل چھین کر فرار ہو گئے۔ کراچی کے این اے 233 لانڈھی نمبر 6 کے پولنگ سٹیشن 72 اور 78 میں مسلح افراد نے دھاوا بولا۔ مسلح افراد نے پولنگ سٹیشن میں گھس کر بیلٹ باکس توڑ دئیے۔ راولپنڈی سے آئی این پی کے مطابق راولپنڈی کے علاقے سول لائنز میں پولیس نے پی ٹی آئی کا کیمپ اکھاڑ دیا۔ گوجرانوالہ اورکامونکی سے نمائندگان کے مطابق کامونکی میں گھنیا کامرس کالج پولنگ سٹیشن پر دو گروپوں کے درمیان جھگڑے کے دوران فائرنگ ہوئی جس کی زد میں آ کر عمر نامی نوجوان زخمی ہو گیا۔ کامونکی کے علاقہ گناعور میں پولنگ سٹیشن پر دو گروپوں کے مابین جھگڑا ہوا جس میں چار افراد زخمی ہو گئے۔ جھگڑے کے باعث کچھ دیر کیلئے پولنگ کا عمل روک دیا گیا تھا۔ فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق این اے 114 کوٹ پنڈی داس میں پولنگ سٹیشن کے باہر دو گروپوں میں فائرنگ جس کے نتیجہ میں ایک سیاسی گروپ کے دو ارکان زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کے لیے ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ فائرنگ کے باعث پولنگ کا سلسلہ رک گیا۔ 

مزیدخبریں