لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس نے الیکشن 2024ء کے موقع پر صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا، صوبہ کے تمام پولنگ سٹیشنزاور حساس مقامات پر پنجاب پولیس کے جوانوں نے ہائی الرٹ ہو کر فرائض اداکئے، ووٹرز، پولنگ عملے، شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی جس کے باعث صوبہ بھر میں پولنگ کا عمل پرامن اور شفاف طریقے سے جاری رہا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ خواتین اہلکاروں سمیت 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد افسران و اہلکار الیکشن سکیورٹی فرائض ادا کئے، انتخابی عمل کی مانیٹرنگ کیلئے 32 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی گئی۔ اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ، لڑائی جھگڑے، انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے اور دفعہ 144 نافذ کی خلاف ورزی پر بلا تفریق کاروائی عمل میں لائی گئی۔ الیکشن 2024ء کے سکیورٹی انتظامات کی خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں، لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ، امن دشمن عناصر کی کسی بھی مکروہ کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔ عام انتخابات کے تمام حلقوں میں قانون کی پاسداری ہر صورت یقینی بنائیں، ہوائی فائرنگ،اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہے،خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیں۔ شر پسند عناصر اور مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھیں،ناکوں پر چیکنگ مزید سخت کر دیں، ڈولفن سکواڈ،پیرو اور ایلیٹ ٹیمیں کیمپ آفسز اور اہم مقامات کے اطراف پٹرولنگ بڑھا دیں۔