لندن+ نیویارک+ سری نگر (نوائے وقت رپورٹ+ کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین شبیر احمد شاہ اور نعیم احمد خان نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے جاری پیغامات میں کہا کہ کشمیری عوام اور حریت قیادت کی اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کیلئے دی گئی قربانیوں کی تاریخ انتہائی شاندار ہے اور اسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ گزشتہ 70 سال سے کشمیریوں کو بحیثیت قوم تعصب اور سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبول بٹ اور افضل گورو کی سزائے موت بھارتی عدلیہ کے چہرے پر ایک سیاہ دھبہ ہے۔ بھارتی پارلیمنٹ میں جموں و کشمیر شیڈول ٹرائبز آرڈر ترمیمی بل 2023 ء کی منظوری کے خلاف جموں میں شدید ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ جموں و کشمیر میںقابض انتظامیہ نے متنازعہ بل کی منظوری پر راجوری اور پونچھ اضلاع میں سخت پابندیاں نافذ اور انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی ہے۔ بل کے ذریعے اونچی ذات کے پہاڑی لوگوں کو شیڈول ٹرائبز کی فہرست میں شامل کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب سرینگر میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ میں ایک غیر کشمیری بھارتی شہری ہلاک اور ایک اور زخمی ہوگیا۔ بھارتی ریاست پنجاب کے شہر امرتسر کا رہائشی امرت پال سنگھ نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ میں ہلاک جبکہ ایک اور بھارتی شہری روہت ماشی شدید زخمی ہو گیا۔ عالمی فورم برائے امن انصاف کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں وکشمیر متنازعہ خطہ ہے، اس تنازعے کا حل عالمی ادارے کی قراردادوں کے مطابق نکالا جانا ہے۔ جبکہ برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور مقبوضہ وادی میں انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کر دیا۔ برطانوی پارلیمنٹرینز نے مطالبہ کیا کہ برطانوی پارلیمنٹ اور برطانوی حکومت جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ برطانیہ کی پارلیمنٹ میں منعقد ہونے والے کشمیر پر آل پارٹی پارلیمانی گروپ کے اجلاس میں برطانوی پارلیمنٹرینز کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت اور پارلیمنٹ لاکھوں کشمیریوں کے مصائب کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ ارکان پارلیمنٹ نے بھارت سے مواصلاتی بندش اٹھانے، سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے، انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ علاقے تک رسائی دینے اور مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کر نے کا مطالبہ کیا۔
کشمیر تنازعہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے
Feb 09, 2024