اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) سٹرٹیجک استحکام کے بارے میں پاکستان اور روس کے مشاورتی گروپ کا 14واں اجلاس ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (آرمز کنٹرول اور تخفیف اسلحہ) محمد کامران اختر اور روسی نائب وزیر خارجہ ایس اے ریابکوف کی صدارت میں ہوا۔ جمعرات کو دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق فریقین نے بین الاقوامی سلامتی اور علاقائی استحکام کے چیلنجوں کے ساتھ ساتھ ہتھیاروں کے کنٹرول، تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلائو کے مختلف پہلوئوں پر گہرائی سے تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی کے ایجنڈے، تخفیف اسلحہ سے متعلق کانفرنس، آئی اے ای اے اور او پی سی ڈبلیو سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ حیاتیاتی، خلائی اور بین الاقوامی معلومات کی حفاظت سے متعلق مسائل کے ساتھ ساتھ مصنوعی ذہانت کے فوجی استعمال سمیت نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز بھی اجلاس میں زیر بحث آئے۔ دونوں فریقوں نے عالمی سٹرٹیجک استحکام، علاقائی سلامتی بشمول ہتھیاروں کے کنٹرول، تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلائو سے متعلق معاملات پر خیالات کی یکسانیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے متعلقہ بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر قریبی کوآرڈینیشن جاری رکھنے کے لئے آمادگی کا اظہار کیا جبکہ مشاورتی گروپ کے باقاعدہ اجلاسوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ گروپ کا 15واں اجلاس آئندہ سال اسلام آباد میں منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔