اسلام آباد( خبرنگار)ہلالِ احمر پاکستان نے حکو متی اقدامات کو تقویت بخشتے ہوئے ملک بھر میں قائم پولنگ سٹیشنوں پر جدید ترین ایمبولینس، تربیت یافتہ رضاکار اور فرسٹ ایڈر تعینات کیے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں بروقت ریسپانس کو یقینی بنایا جا سکے۔ اِس ضمن میں جامع ایمرجنسی ریسپانس کو مرتب کیا گیاتھا۔ جڑواں شہروں میں متعدد پولنگ سٹیشنوں پر تربیت یافتہ عملہ تعینات رہا۔ تمام دیگر امدادی اداروں کے ساتھ ہلالِ احمر پاکستان نے بھی فرض کی ادائیگی میں اپنا حصہ ڈالا۔ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں زخمیوں کو موقع پر طبی امداد دینے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے اور ہسپتالوں میں نفسیاتی امداد، خون کے عطیات دینے کیلئے ہلال ِاحمر کے رضاکار ہمہ وقت موجود رہے۔خیبرپختونخوا، فاٹا، بلوچستان، سندھ اور پنجاب میں بھی ہلالِ احمر پاکستان کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔ جڑواں شہروں میں 80 کے قریب عملہ اراکین اور 27 جدید ترین ایمبولینس ایمرجنسی ریسپانس کیلئے مختص کی گئی تھیں۔نیشنل ہیڈ کوارٹرز میں کنٹرول روم پہلے کی طرح بدستور کام کرتا رہا۔ہلال احمر پاکستان ضلعی انتطامیہ کے ساتھ آن بورڈ تھا اور باہمی مشاورت سے ایمر جنسی ریسپانس ٹیمیں تعینات کی گئی تھیں۔اس حوالے سے ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین سردارشاہد احمد لغاری کا کہنا تھا کہ ہلال احمر پاکستان نے ہر کڑے وقت میں قوم کا بھر پور ساتھ دیا ہے۔ہلال احمر کی ایمر جنسی ریسپانس ٹیموں نے کمال جانفشانی سے اپنا فرض نبھایا۔تربیت یافتہ عملہ نے مستعدی کے ساتھ ڈیوٹی سرانجام دے کر ثابت کیا کہ امن و امان کے قیام،فرض کی ادائیگی اور حکومتی قدامات کے شانہ بشانہ کام ہلال احمرپاکستان کی روایت رہی ہے۔