مظفرآباد (نامہ نگار) آزاد جموں و کشمیر کلچرل اکیڈمی کے زیراہتمام شعبہ اُردو جامعہ کشمیر کے اشتراک سے ’’یکجہتی کشمیر مشاعرہ‘‘ کا انعقاد ، مشاعرہ کی صدارت ڈاکٹر محمد کلیم عباسی رئیس جامعہ کشمیر نے کی۔ مشاعرہ میں آزادکشمیر کے نامور شعراء نے اپنے کلام کے ذریعے کشمیریوں کی قربانیوں کو سلام پیش کیا اور بھارتی مظالم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔ ڈائریکٹر آزاد جموں و کشمیر کلچرل اکیڈمی فیضان عارف مغل نے شرکائے مشاعرہ سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق اور چیف سیکرٹری آزادحکومت کی ہدایات کی روشنی میں اکیڈمی کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر منانے کا بنیادی مقصدہندوستان کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرنا ہے۔ جس طرح ہندوستان اس وقت کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر کی تہذیب و ثقافت کو مسخ کر رہا ہے اس کے مقابلے کے لئے اکیڈمی مزاحمتی ادب و ثقافت کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کرے۔ حکومتی سطح پر شعراء ، ادباء و فنکاران کی سرپرستی کی جائے گی اور اہل قلم کی تحریروں کا ترجمہ مختلف زبانوں میں کر کے کشمیریوں پر روا رکھے جانے والے بھارتی مظالم کے حالات بیرونی دنیا کی آزادی و انصاف اقوام تک پہنچائے جائیں گے۔