ہملٹن (نیٹ نیوز) نیوزی لینڈ کے شہر ہیملٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز بنائے ہیں اور اسے کیویز کا سکور برابر کرنے کیلئے 40 رنز درکار ہیں۔ اس سے پہلے نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 275 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ گذشتہ روز جس وقت کھیل کا وقت ختم ہوا، اس وقت اسد شفیق 74 اور کپتان مصباح الحق 50 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 128 رنز بنائے ہیں۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے مارٹن اور آرنل نے دو دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا ہے۔ پاکستان کی طرف سے توفیق عمر اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے مارٹن کی گیند پر میکنٹاش کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ اس کے بعد اظہر علی کھیلنے کےلئے آئے اور انہوں نے توفیق عمر کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور 72 تک پہنچا دیا۔ اس سکور پر اظہر علی 24 رنز بنا کر مارٹن کی گیند پر ینگ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 104 رنز پر گری جب توفیق عمر چون رنز بنا کر آرنل کی گیند پر ولیمسن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ پاکستان کی طرف سے آﺅٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی یونس خان تھے جو 23 رنز بنا کر آرنل کی گیند پر انہیں کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ میچ کے دوسرے روز نیوزی لینڈ نے 260 رنز سات آﺅٹ پر اپنی اننگز شروع کی تھی لیکن اس کے تمام کھلاڑی سکور میں صرف 15 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی آٹھویں وکٹ جلد ہی گِر گئی جب ٹم سدی اپنے کل کے سکور 56 رنز پر ہی عمر گل کی گیند پر یونس خان کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ گذشتہ روز کے دوسری ناٹ آﺅٹ بیٹسمین کین ولیمسن بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 50 رنز بنا کر تنویر احمد کی گیند پر وکٹ کیپر عدنان اکمل کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ نیوزی لینڈ کی آخری وکٹ 275 رنز پر گِری جب آرنل تنویر احمد کی گیند پر وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ پاکستان کی طرف سے تنویر احمد نے 4 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ عبدالرحمن نے 3 اور عمر گل نے 3 وکٹیں لیں۔ اس میچ میں نیوزی لینڈ کی طرف سے آر اے ینگ پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ میں ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں جبکہ پاکستان کو اس میچ میں اپنے تجربہ کار سپنر سعید اجمل کی خدمات دستیاب نہیں ہیں۔