سندھ کی تقسیم کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، قبائلستان صوبہ بنایا جائے: الطاف

Jan 09, 2012

سفیر یاؤ جنگ
کراچی + لندن (نوائے وقت نیوز + جی این آئی) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ کی دھرتی کی تقسیم کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اپنے مسائل مل جل کر حل کر لیں گے، قبائلی علاقوں پر مشتمل صوبہ قبائلستان بنایا جائے۔ ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ ایک دوسرے کے حقوق کا تحفظ کرینگے۔کراچی میں بلوچوں کو مہاجروں سے لڑانے کی کوشش کی گئی، پاکستان کے قیام سے لیکر آج تک غریب بلوچ، سندھی، پختون اور دیگر قومیتوں کے عوام بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ غریب و متوسط طبقے کی حکمرانی کا انقلاب پاکستان کا مقدر بن چکا ہے۔ 20 جنوری کو سکھر میں متحدہ کا جلسہ فرسودہ جاگیردارانہ نظام اور موروثی سیاست کے خاتمے کی نوید ثابت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں سندھی، بلوچی، پختون سمیت دیگر قومیتوں کے عمائدین سے خطاب اور متحدہ کے کارکنوں سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ الطاف حسین نے مزید کہا کہ وہ دن بہت جلد آئیگا جب حق پرستی کے نعروں کی گونج سے لرزتے ہوئے یہ ایوان زمین بوس ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام نائن زیرو کو اپنا گھر سمجھیں، اب ہمیں ایک دوسرے سے نفرت نہیں کرنی بلکہ ایک دوسرے کے زخموں پر مرہم رکھنا ہے اور گلے لگائیں گے۔
مزیدخبریں