لاہور (لیڈی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین پنجاب کی رہنما صائمہ شہزادی خان نے کہا ہے کہ طاہرالقادری کی طوطا کہانی کاسکرپٹ ایوان صدرمیں لکھاگیا۔ نام نہاد شیخ الاسلام نے اپنی سیاسی حیثیت سے بڑا دعویٰ کیا، وہ تبدیلی کاراستہ نہیں روک سکتے۔ صدرزرداری کبھی سونامی خان اورکبھی ''عوامی ''کی اوٹ میں چھپ کر جمہوریت پرڈرون حملے کرتے ہیں۔ فطرتاً بدعنوان حکمرانوں نے کسی بھی شعبہ میں پرفارم نہیں کیا جبکہ عوام سے جی بھرکے انتقام لیا۔ آئی سی یومیں پڑی نیم مردہ قومی معیشت بھی حکمرانوں سے پناہ مانگ رہی ہے۔ روٹی، کپڑا اور مکان کانعرہ عوام کیلئے ڈراﺅنا خواب اور سراب بن گیا، اس قدر ناقص کارکردگی کے باوجود زرداری لیگ والے پنجاب میں حکومت بنانے کاخواب دیکھ رہے ہیں۔ حکمران اپنی نااہلی سے کئی بار بندگلی میں آئے اوران کی منت سماجت پر قوم نے انہیں مہلت دی مگر وہ مسائل پرقابوپانے میں ناکام رہے، اب عوام نے الیکشن کابگل بجا دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صائمہ شہزادی خان نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے توانائی بحران پرقابوپانے کی بجائے گیس کی قلت پیدا کردی ہے، ایوان صدرکے حواریوں کوبس چلتا تووہ بجلی اورگیس بحران کاملبہ بھی پنجاب حکومت پرگرادیتے۔ قومی بحرانوں کی ذمہ دار وفاقی حکومت سے نجات کا راستہ فوری اور شفاف انتخابات سے ہو کر جاتا ہے۔