لاہور (نیوز ایجنسیاں) پاکستان کرکٹ بورڈکے زیراہتمام پاکستان سپر لیگ کے لوگو کی تقریب رونمائی کل لاہور میں ہوگی۔ چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف تقریب میں لوفو کی رونمائی کریں گے۔ لیگ 24 مارچ سے لاہور میں شروع ہوگی۔ پی سی بی نے ٹورنامنٹ کےلئے سابق بینکار سلمان سرور بٹ کو منیجنگ ڈائریکٹر، بدر رفائی کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور آئی سی سی کے سابق چیف ایگزیکٹو ہارون لورگارٹ کو 25 ہزار ڈالرز پر ٹورنامنٹ کنسلٹنٹ مقرر کیا ہے۔ ایک بھارت کمپنی بھی کنسلٹنٹ کی حیثیت سے کام کر رہی ہے۔ پی سی بی کی ٹیم نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے اپنے مالی معاملات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ پانچ فرنچائز فروخت کرنے کے لئے تین پاکستانی بزنس ہاسسز، ایک دبئی کے تاجر اور ایک امریکہ میں مقیم پاکستانی نے حامی بھر لی ہے۔ ٹورنامنٹ کے لئے پی سی بی کئی غیرملکی کھلاڑیوں سے رابطے کئے ہیں۔ ٹی ٹونٹی میں دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی کرس گیل سمیت انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور دیگر ملکوں کے کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کی حامی بھرلی ہے۔ جنوبی افریقہ سے بڑی تعداد میں کھلاڑی پاکستان آنے کو تیار ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے لیے بڑے کھلاڑیوں کو ایک لاکھ ڈالرز، دوسرے نمبر پر پچاس ہزار ڈالرز اور تیسری کٹیگری کے لئے25 ہزار ڈالرز دئیے جائیں گے۔ کرس گیل اور دیگر بڑے کھلاڑی کو دو سے تین میچوں کے لئے مدعو کرکے ایک لاکھ ڈالرز دئیے جائیں گے۔
پاکستان سپر لیگ کے لوگو کی تقریب رونمائی کل ہو گی‘ جنوبی افریقی کھلاڑی آنے کو تیار
Jan 09, 2013