”روڈ سیفٹی کیلئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا“

Jan 09, 2013

لاہور(نامہ نگار)ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس(ریسکیو1122) ڈاکٹر رضوان نصیرنے پنجاب کے تمام اضلاع میںبڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثات روڈ سیفٹی کے لئے ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرناہوگا کیونکہ یہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔ انہوں نے والدین سے التماس کی کہ وہ اپنے بچوں کی سیفٹی کو یقینی بنائیں اور بغیرلائسنس کے ان کے ہاتھ میں گاڑی مت دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل پیراہوکر اور حفاظتی آلات (ہیلمٹ ، سیٹ بیلٹ وغیرہ) پہن کر ان حادثات سے بچا جا سکتاہے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسران کو بھی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ٹریفک کے اضافہ کی وجہ سے حادثات میں ہونے والے اضافہ میں بروقت سروس کی فراہمی کے لیے بہتر منصوبہ بندی کریں۔ڈائریکٹرجنرل نے کہا کہ 2012میں ریسکیو1122نے 160280ٹریفک حادثات کو ریسپانڈ کیا اور 81717متاثرہ افراد کو بچا لیا ۔97745حادثات صرف موٹرسائیکلز کی وجہ سے ہوئے اور موٹرسائیکل سواروں کی اوسط عمر 12سے 20 تک ہے۔

مزیدخبریں