ملک کے مختلف شہروں میں دھند چھٹنے کےبعد موٹروے کومتعدد مقامات پرکھول دیا گیا،جبکہ سیالکوٹ اور ڈیرہ غازی خان میں ٹریفک حادثات میں بتیس افراد زخمی ہوگئے۔

موٹروے پولیس نے شدید دُھند کے باعث پشاورسےموٹروے پرہرقسم کی ٹریفک کا داخلہ بند کردیا تھا۔ اسلام آباد، پشاورموٹروے پرپشاورسے رشکئی اور رشکئی سے برہان تک شدید دُھند رہی۔ لاہور فیصل آباد موٹر وے کو بھی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رکھا گیا۔ ادھرفیصل آباد موٹر وے پرپنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک شدید دُھند نے ڈیرے ڈالے رکھے، موٹروے بند ہونے کی وجہ سے فیصل آباد اور لاہور کی طرف جانے والی ٹریفک کو پنڈی بھٹیاں سے آؤٹ کیا گیا۔ جی ٹی روڈ پر جمبر سے ملتان اورلودھراں تک بھی شدید دھند دیکھنے میں آئی۔ دھند چھٹنے کے بعد متعدد مقامات پرموٹروے کو کھول دیا گیا ہے تاہم ڈرائیورزکومحتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں انڈس ہائی وے تونسہ روڈ پردھند کے باعث مسافربس الٹ گئی جس کے نتیجے میں بیس افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہےجہاں چارافراد کی حالت تشویشناک ہے۔ ادھر سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں بھی ٹیوٹا، ویگن اور بس کے تصادم میں دوخواتین سمیت بارہ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن