اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) اٹارنی جنرل منیر اے ملک نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا، ذرائع کے مطابق منیر اے ملک توقع ہے کہ کل جمعہ کو اٹارنی جنرل کے عہدے سے استعفیٰ دیدینگے۔ انہوں نے گذشتہ روز وزیراعظم محمد نوازشریف سے ملاقات کے دوران انہیں اپنے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ وہ عمر زیادہ ہو جانے کے باعث زیادہ کام نہیں کر پا رہے جبکہ انہوں نے اپنی اہلیہ کو علاج کیلئے بیرون ملک بھی لیکر جانا ہے اس لئے وہ اٹارنی جنرل کا عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ منیر اے ملک نے وکلا تحریک میں اہم کردار ادا کیا وہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔ منیر اے ملک سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر بھی رہے۔