لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف سے گذشتہ روز چین کے شین ڈونگ رویائی گروپ کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں گروپ کے چیئرمین یافو چی یو، وائس چیئرمین وی ینگ سن، نائب صدر جیری لیو اور دیگر عہدیدار شامل تھے۔ ملاقات میں ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ شہباز شریف نے چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان قابل اعتماد تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے اور چین نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں توانائی اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے تعاون خوش آئند ہے۔ پنجاب حکومت نے موٹروے کے نزدیک 1500 ایکڑ اراضی پر سپیشل گارمنٹس زون کا منصوبہ بنایا ہے جس کیلئے اراضی کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔ گارمنٹس زون میں ووکیشنل سینٹر سمیت تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد پاکستان کی ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ہو گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے تناظر میں سپیشل گارمنٹس کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ رویائی گروپ سپیشل گارمنٹس زون میں سرمایہ کاری کرے، ہرممکن سہولتیں فراہم کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میں بھی انڈسٹریل زون بنایا گیا ہے جہاں پر صنعتکاری کا عمل جاری ہے۔ چینی گروپ فیصل آباد میں بھی ٹیکسٹائل اور گارمنٹس سیکٹر میں سرمایہ کاری کا جائزہ لے، چین کی کمپنیوں کے ساتھ توانائی کے سیکٹر میں تعاون کیلئے معاہدوں پر عملدرآمد جاری ہے اور پاور چائنہ کے تعاون سے پنجاب میں 2 کول پاور پلانٹس لگائے جا رہے ہیں جن سے مجموعی طور پر 1300 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی جبکہ بہاولپور میں قائداعظم سولر پارک میں ایک ہزار میگاواٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ چینی گروپ کی جانب سے پنجاب میں گارمنٹس اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے مجوزہ پروگرام کا خیرمقدم کرتے ہیں اور پنجاب حکومت چینی گروپ کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ہرممکن مراعات فراہم کرے گی۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ نندی پور پاور پراجیکٹ پر 400 سے زائد چینی انجینئرز اور عملہ کام کر رہا ہے اور پنجاب حکومت نے چینی انجینئرز اور عملے کی حفاظت کیلئے پولیس کے ساتھ پرائیویٹ سکیورٹی کو بھی تعینات کیا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چین ڈونگ رویائی گروپ کے چیئرمین یافو چی یو نے کہا کہ پنجاب میں ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں اور اس ضمن میں ہمارے گروپ نے مستقبل میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا پروگرام بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے پنجاب میں سرمایہ کاری میں تعاون کے حوالے سے جس طرح ہماری حوصلہ افزائی کی ہے اس سے ہمارے اعتماد میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ چیئرمین شین ڈونگ رویائی گروپ نے وزیر اعلیٰ کو چین کے دورے کی دعوت بھی دی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے سعودی ایگریکلچرل اینڈ لائیوسٹاک انویسٹمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبداللہ الدبئی خائی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں لائیوسٹاک اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ سعودی عرب نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ دونوں ملکوں کے مابین معاشی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ یہ سنہری موقع ہے کہ دونوں ملک سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں تعاون کریں۔ پاکستان میں زراعت اور لائیوسٹاک میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ لاہور میں جدید سلاٹر ہائوس قائم کیا گیا ہے جہاں گوشت کو اعلیٰ معیار کے مطابق پراسیس کیا جاتا ہے۔ سعودی کمپنی کی لائیوسٹاک اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔ سعودی کمپنی کو ہرممکن سہولتیں اور مراعات فراہم کی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔ دریں اثناء شہباز شریف سے گذشتہ روز مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی اور اپنے علاقوں کے ترقیاتی مسائل اور ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا پاکستان مسلم لیگ (ن) کا مشن ہے۔ عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانے اور انہیں ریلیف کی فراہمی کے پروگراموں پر اربوں روپے صرف کئے جا رہے ہیں۔ صوبے بھر میں ترقیاتی سکیمیں شفاف طریقے سے تیزی سے مکمل کی جا رہی ہیں۔ گذشتہ پانچ برسوں کے دوران دن رات عوام کی خدمت کی، آئندہ خدمت خلق کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔
چینی کمپنیوں کا توانائی ‘ ٹیکسٹائل سیکٹر میں تعاون خوش آئند ہے : شہباز شریف
Jan 09, 2014