واشنگٹن (اے پی اے + نوائے وقت نیوز) امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف رواں ماہ کے آخر میں ملک سے باہر چلے جائیں گے، وہ کہاں جائیں گے اس بارے میں ابھی کچھ نہیں بتایا جا سکتا کہ ان کی اگلی منزل کونسی ہوگی۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کا بیرون ملک جانا مشرف سمیت تمام لوگوں کے لئے بہتر ہے۔ اخبار لاس اینجلس ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مشرف کے برطانیہ میں علاج کے لئے ڈاکٹرز سے بھی وقت لیا جا رہا ہے اور پرویز مشرف کے ڈاکٹر برطانوی ڈاکٹروں سے بات چیت کر رہے ہیں۔ ایک امریکی ٹی وی چینل نے اپنی رپورٹ میں بھی سابق صدر کے علاج کے لئے باہر جانے کا دعویٰ کیا ہے۔ علاوہ ازیں ایک سینئر سکیورٹی عہدیدار نے امریکی میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ یہ سب کیلئے بہتر ہے کہ پرویز مشرف بیرون ملک چلے جائیں۔ واضح رہے ایک روز قبل جاری میڈیکل رپورٹ کے مطابق سابق صدر کو دل کی شریان بند، ذہنی دباؤ، ہڈیوں میں سوزش سمیت 9 امراض لاحق ہیں۔ ذرائع کے مطابق صہبا مشرف نے گزشتہ روز جاری ہونے والی رپورٹ پر بھی برطانوی ڈاکٹروں سے مشاورت کی ہے جنہوں نے 10 روز میں سابق صدر کو منتقل کرنے کی تجویز دیدی ہے۔