ڈرون حملوں کیخلاف تحریک انصاف کا بارش اور شدید سردی کے باوجود دھرنا جاری

ڈرون حملوں کیخلاف تحریک انصاف کا بارش اور شدید سردی کے باوجود دھرنا جاری

Jan 09, 2014

پشاور (این این آئی) تحریک انصاف کے ڈرون حملوں کیخلاف دھرنے کو 47روز مکمل ہو گئے۔ بدھ کو دھرنے کے 47ویں روز پی کے ٹو پشاور کے کارکنان اور رہنماﺅں نے فوکل پرسن پی کے ٹو لیاقت یوسفزئی اور بابائے دھرنا فیاض خلیل کی قیادت میں دھرنا کیمپ میں ڈیوٹی دی۔ شدید سردی اور بارش بھی کارکنان کے عزم کو کمزور نہ کر سکی اور کارکنان کی بڑی تعداد نے دھرنا دیا، اتحادی جماعتوں کے کارکن بھی دھرنے میں شریک رہے۔ کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے فوکل پرسن برائے پی کے ٹو لیاقت یوسفزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملوں کیخلاف 47روز سے جاری دھرنا پی ٹی آئی قیادت اور کارکنان کے عزم اور حب الوطنی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج شدید سردی اوربارش کے باوجود کارکنان نے جس عزم و ہمت کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے ملکی خود مختاری و سالمیت کے علاوہ بین الاقوامی قوانین کی بھی صریح خلاف ورزی ہے لیکن حکمران ان حملوں پر واضح موقف اپنانے سے بھی گھبراتے ہیں۔ حکمرانو ں کی بے حسی کا توڑ تحریک انصاف کر رہی ہے اور ملک کی محبت میں نیٹو سپلائی بند کی جو ہر طرح سے ملکی مفاد میں ہے۔ کارکنان نے شدید سرد ی اور بارش کے باوجود دھرنا کیمپ پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اور امریکہ و حکمرانوں کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ آج جمعرات کو پی کے تھری پشاور کے کارکنان ایم پی اے جاوید نسیم کی قیادت میں دھرنا دینگے۔
پی ٹی آئی / دھرنا

مزیدخبریں