واشنگٹن (آن لائن+ بی بی سی+ رائٹرز) امریکی صدر بارک اوباما نے کہا ہے کہ گن کنٹرول پالیسی کا ساتھ نہ دینے والے کسی امیدوار کی حمایت میں نہیں کروں گا۔ امریکی صدر نے نیویارک ٹائمز کے لئے کالم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گن کنٹرول پالیسی کے مخالف ڈیموکریٹ امیدوار کی مہم نہیں چلائوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدارتی امیدواروں کو گن لابی کے جھوٹ کے خلاف کھڑا ہونا چاہئے، گن کنٹرول پالیسی کے مخالفین کے جھوٹ کا بہادری سے راستہ روکنا ہو گا۔ دریں اثناء اوباما نے ملک میں ہتھیار رکھنے کی حامی لابی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ قومی رائفل ایسوسی ایشن اسلحے پر کنٹرول کے تجویز کردہ قانون سازی کو جان بوجھ کر غلط انداز میں پیش کیا ہے۔قومی رائفل ایسوسی ایشن نے جمعرات کو امریکی ٹی وی پر اس سلسلے میں ہونے والے مباحثے کو تعلقاتِ عامہ کا تماشہ قرار دیتے ہوئے اس میں حصہ لینے سے انکار کیا تھا۔