لاہور (کلچرل رپورٹر) گلوکارہ سائرہ ارشد نے کہا دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری شوبز انڈسٹری افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،آرمی پبلک سکول کے شہداء کے حوالے سے میرے گانے کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی ہے، اس کیلئے تمام اپنے فینز کا شکریہ ادا کرتی ہوں ،میرے اس گانے کی کامیابی پر مجھے پوری انڈسٹری کے ساتھ ساتھ دنیا بھر سے شائقین نے مبارکبادکے پیغامات دئیے ہیں اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔سائرہ ارشد نے ایک انٹرویو میں کہا ہے آرمی پبلک سکول کے بے گناہ معصوم پھولوں پر حملہ کرکے دہشت گردوں نے پوری دنیا میں دہشت پھیلانے کی کوشش کی ہے مگر ان کو معلوم نہیں۔ انہوں نے کس قوم کو جگا دیا ہے ،پوری پاکستانی قوم دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے متحد ہو چکی ہے۔ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی پر فنکار برادری پاکستان کی مسلح افواج کو مبارکباد پیش کرتی ہے اور دعا کرتی ہے کہ دہشت گردوں کیخلاف جاری جنگ میں افواج پاکستان کو یقینی فتح نصیب ہو۔