لاہور(سپورٹس ڈیسک )کچھ بھی ہو جائے پاکستان سپر لیگ کا فائنل اب ہر صورت لاہور میں ہی ہو گا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے حتمی فیصلہ کر لیا، شاہد آفریدی کے متعلق بھی ان کی مرضی کا فارمولا تیار ہو چکا ہے، مصباح الحق جب بھی کپتانی چھوڑیں بورڈ میں نوکری حاضر ہے۔ پی سی بی کے بڑے نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے متعلق اگر مگر کی صورتحال ختم ہو گئی ہے، فارمولا ایسا ہے کہ غیرملکی کرکٹرز بھی آئیں گے۔ہار گلے پڑنے کے باوجود مصباح الحق کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ وہ جب بھی کپتانی چھوڑیں بورڈ میں نوکری حاضر ہے اور وہ بھی مرضی کی۔ لالہ جی سے نجم سیٹھی کا صرف اتنا مطالبہ ہے کہ حضور! چائے پینے تو آئیں۔ پی سی بی نے فوج کے زیرنگرانی ان کی بھی ٹریننگ کا سوچنا شروع کر دیا ہے۔ نجم سیٹھی نے یہ بھی بتایا کہ بھارت کے پاس ابھی بھی دو مواقع ہیں ورنہ عدالت جانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ نجم سیٹھی نے یہ خوشخبری بھی سنائی کہ اس سال صرف ویسٹ انڈیز ہی نہیں کامن ویلتھ ٹیم بھی پاکستان آئے گی۔نجم سیٹھی کے مطابق اگر غیر ملکی کھلاڑی پی ایس ایل فائنل کیلئے لاہور آنے سے انکار کرتے ہیں تو ان کی جگہ مقامی کھلاڑیوں کو ٹیموں میں شامل کیا جائیگا۔فائنل ٹیموں میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کے انکار پر تیس سے پینتیس کھلاڑیوں کا نیا ڈرافٹ بنایا جائیگا اور پاکستان آنے والے کھلاڑیوں کو فائنل ٹیموںمیں شامل کیا جائیگا۔ہمیں فائنل کیلئے پانچ سے دس غیر ملکی کھلاڑیوں کی ضرورت ہوگی جن کو تیار کر لیں گے ۔منصوبہ کے مطابق اگر کوئی بھی غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے کیلئے تیار نہ ہوا تو اس صورت میں مقامی کھلاڑیوں کو فائنل ٹیموں میں شامل کرینگے ۔ فائنل ہر صورت اب لاہور میں ہوگا ۔ سکیورٹی کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ اس سلسلہ میں پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز اور فوچ کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہیں ۔