مری(نامہ نگار خصوصی +آن لائن) صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم محمد نواز شریف اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مری پہنچ گئے۔ صدر ممنون حسین گورنر ہاﺅس بھوربن مےں قیام پذیر ہےں جبکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اپنی رہائش گاہ کشمیر پوائنٹ مری مےں ملکہ کوہسار مری کے دلکش مناظر کا نظارہ کررہے ہےں ان اہم شخصیات کی آمد سے مری مےں انتظامےہ انتہائی متحرک ہوگئی اور وزیراعظم محمد نواز شریف نے ٹریفک روانی کو بہتر بنانے کی بھی ہداےت کی اور سیاحوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کا بھی کہا۔ وزیراعظم محمد نوازشریف گزشتہ روز اچانک اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مری پہنچے۔ وہ اس مرتبہ سڑک کے ذریعہ ایکسپریس وے سے خلاف معمول ایک بہت بڑے حفاظتی قافلے کے ہمراہ یہاں پہنچے جبکہ اس سے قبل جب وہ اچانک ہنگامی طور پر مری آئے تھے تو ان کے ہمراہ کسی قسم کے حفاظتی انتظامات نہیں تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ وہ کشمیر پوائنٹ پر اپنی نجی رہائش گاہ پر قیام کریں گے اور پیر کے روز کسی بھی وقت وہ واپس اسلام آباد کیلئے روانہ ہو جائیں گے۔ ادھر اسلام آباد سے مری تک مختلف مقامات پر علاقہ کے لوگوں اور سیاحوں نے ان کے قافلے کو دیکھ کر انگلیوں سے فتح کا نشان بناتے اور ہاتھ لہرا کر ان کا استقبال کیا جس کا وہ مسلسل جواب دیتے رہے۔ وزیراعظم اس موقع پر انتہائی خوشگوار موڈ میں نظر آ رہے تھے۔ علاوہ ازیں برفباری کے حسین مناظر سے لطف اندوز ہونے کےلئے اتوار کے دن صدر پاکستان ممنون حسین بھی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گورنر انیکسی بھوربن مےں پہنچ گئے۔ ملک کی دونوں اہم ترین شخصیات کی آمد کے نتیجے میں ضلع بھر کی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام نے بھی مری کا رخ کر لیا ہے۔
مری پہنچ گئے