حکومت 108 پمپنگ سٹیشن ہمارے حوالے کرے‘ پانی کا مسئلہ حل کر دینگے: فاروق ستار

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی میں پانی کے مسئلے کا حل پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کراچی کے 108 پمپنگ سٹیشن کا انتظام ہمارے حوالے کر دے تو پانی کا مسئلہ حل کر دیں گے۔ ہم نے پانی کا نظام بہتر نہ کیا تو جو چور کی سزا وہ ہماری سزا‘ پانی کی منصفانہ تقسیم کو ہم یقینی بنائینگے۔ فاروق ستار کی جانب سے ضلع ملیر کالا بورڈ یو سی 6 میں پختہ گلیوں اور پیور بلاک لگانے کی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کراچی کو ایشیا کا خوبصورت ترین شہر بنانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا اب پیچھے مڑ کر نہیں دیکھیں گے۔ شہر میں دیرپا امن قائم کریں گے جس میں عوام کی شمولیت بھی ہو گی۔ 30 دسمبر کو شہر میں ایم کیو ایم پاکستان کے جلسے میں بجلی چوری شدہ ہونے کی خبر کو مسترد کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ نشتر پارک جلسے میں استعمال بجلی کا بل دیا گیا تھا۔ جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے بلدیہ کے وسائل کو بھی استعمال نہیں کیا۔ فاروق ستار نے مزید کہا آہستہ آہستہ کراچی کا نقشہ بدل دیں گے۔ ہم بے اختیار ہیں مگر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ سو روزہ صفائی مہم دس مارچ کے بجائے پندرہ مارچ کو اختتام پذیر ہو گی۔ انہوں نے کہا کراچی کو ایشیا کا صاف ستھرا شہر بنائیں گے اور دیرپا امن قائم کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی اختیارات اور پانچ ادارے لینے کیلئے سمری وزیراعلیٰ کو بھجوانے کیلئے تیار کر لی ہے‘ کراچی کو فتح کرنا ہے تو کراچی والوں کے دل جیتنا ہوں گے۔ بلدیاتی اختیارات کے لئے ہم نے ایک سمری بنا لی ہے‘ مراد علی شاہ نہیں کہہ سکیں گے کہ یہ قانون نہیں ہے‘ پانچ اداروں کو واپس لینے کے لئے بھی سمری وزیراعلیٰ کو بھیجی جائے گی۔فاروق ستار نے کہا کہ 8 برس سے مردم شماری نہیں کرائی گئی۔ اس سے قبل 1998ءکی مردم شماری میں غلط اعداد و شمار کئے گئے۔ اس وقت اردو بولنے والوں کی آبادی ایک کروڑ 30 لاکھ تھی۔ مردم شماری میں 95 لاکھ دکھائی گئی مردم شماری پر بہت سے لوگوں کو تحفظات ہیں۔ امید ہے فوج اور عدالت مردم شماری پر نظر رکھے گی۔ وفاق اور سندھ حکومت بلدیاتی اداروں کو اختیار نہیں دینا چاہتے۔ نوکریوں، کوٹہ سسٹم کے خلاف عدالتوں میں پٹیشن دائر کریں گے۔ کراچی نیوز رپورٹر کے مطابق ایک میگزین کو دیئے انٹرویو میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کے جلسے میں لاکھوں افراد نے شرکت کر کے ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کی تقریر کی مخالفت اور علیحدگی کے فیصلے کی توثیق کر دی ہے اس وقت ایم کیو ایم پاکستان محروم طبقوں کی واحد اور ملک کی چوتھی بڑی سیاسی جماعت ہے جسے سازشوں کے ذریعے قومی دھارے سے دور رکھنے کی کوششیں کی جا رہی ہے ایم کیو ایم صرف اردو بولنے والوں کی جماعت نہیں بلکہ اس میں سندھی ، پختون ، بلوچ ، پنجاب اور کشمیری ، سرائیکی ، گلگتی ، ہزارہ والا اور بلتستانی بھی شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن