نارووال (صباح نیوز) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے سی پیک منصوبہ کے حوالے سے بیجنگ میں ہونے والی میٹنگ میں صوبہ سندھ اور صوبہ خیبرپختونخوا کے اعتراض ختم کر دیئے گئے ہیں ، سی پیک منصوبہ کی کامیابی سے پاکستان جلد ایشیاءکا ٹائیگر بن جائے گا ، جس سے پاکستان کی معیشت میں ایک انقلاب برپا ہو جائے گا اور روزگار کے مواقعے بڑھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ چین کا انرجی گروپ فروری میں پاکستان کا دورہ کرے گا ، ملتان تا سکھر موٹروے اور قراقرم ہائی وے کی اپ گریڈیشن پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ ملکی ترقی کے لئے جو بھی منصوبے تیار کئے جارہے ہیں اس کی ترقی میں ہی ہماری بقاءہے۔ اورنج میٹروٹرین کا منصوبہ بڑھتے ہوئے پاک چین معاشی تعلقات کی عکاس ہے میٹروٹرین کا منصبوبہ عام آدمی کا منصوبہ ہے اور میٹروبس کی طرح میٹرو ٹرین بھی عام آدمی کی سواری ہے یہ امیر اور غریب کے درمیان تفاوت کم کرنے کا منصوبہ ہے ، لاہور کے بعد اورنج ٹرین کا منصوبہ کوئٹہ، پشاور اور کراچی میں بھی شروع کر رہے ہیں ۔ علاقہ کی تعمیر وترقی ہی ہماری سیاست کی بنیاد ہے۔ سیالکوٹ موٹروے بدوملہی انٹرچینج کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا، اس کے علاوہ نارووال پسرور روڈ براستہ ڈسکہ کارپٹ روڈ کی تعمیر کا کام بھی ماہ مارچ میں شروع ہو جائے گا۔ ان اہم شاہراہوں کی تعمیر سے ضلع نارووال ترقی کی جانب ایک قدم اور آگے بڑھے گا۔