اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ حکومت کو چاہیے اگر کوئی سازش ہورہی ہے تو اسے بے نقاب کرے تاکہ عوام کو اصل حقائق معلوم ہو سکیں، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا حالیہ بیان سن کر حیرت ہوئی کہ انہیں بھی نہیں معلوم کہ سازش کون کررہا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیر داخلہ کے پاس ہر ایک کی معلومات ہوتی ہیں اور اگر وہ ہی ایسے بیانات دیں تو یقینا سوالات جنم لیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف حکومت کہتی ہے کہ انہیں معلوم ہے سازش کون کررہا ہے اور پھر دوسری جانب ایسے بیانات دے کر عوام کو مزید الجھن میں ڈالا جارہا ہے، انہیں چاہیے کہ اس قوت کا نام بتائیں جو ان کے خلاف سازش کررہی ہے۔اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ایسا کچھ بظاہر نظر نہیں آتا کہ جس سے ہم یہ کہہ سکیں کہ سینیٹ انتخابات کا ہونا مشکل ہے، لہذا ناصرف یہ، بلکہ عام انتخابات 2018 بھی اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔پی پی رہنما نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ حکومت خود چاہتی ہے کہ کوئی ایسی صورتحال پیدا ہو، جس سے یہ سسٹم لپیٹا جائے، ورنہ جو باتیں یہ لوگ کررہے ہیں ان میں ذرا بھی حقیقت نہیں لگتی اور نہ ہی اب وہ دور رہا ہے جب ادارے سازشیں کیا کرتے تھے'۔