لاہور( سپورٹس رپورٹر ) جونیئر ورلڈکپ سے قبل وارم اپ میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو 190 رنز سے شکست دیدی، محسن خان نے سنچری سکور کی، محمد طحٰہ نے برق رفتار ففٹی کے ساتھ 3 وکٹیں بھی اڑائیں۔کرائسسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اوپنر زید عالم ایک رن پر رچرڈ ٹرپائی کی گیند پر لوفٹی ایٹن کو کیچ دے بیٹھے، روحیل نذیر نے18رنزبنائے ان کی وکٹیں بھی ٹرپائی نے اڑائیں، عماد عالم کو 7 کے سکور پر کو شان فوچے نے وکٹ کیپر مچل ہے کا کیچ بنوا دیا، محمد محسن خان اور علی زریاب آصف نے اچھی شراکت قائم کرتے ہوئے مجموعہ 171 تک پہنچایا، محسن خان 102 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد ریٹائر ہو گئے۔ علی زریاب آصف 51 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ محمد طحٰہ نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے، نمیبیا کی جانب سے جان ایزاک ڈی ویلیئرز نے 4، رچرڈ ٹرپائی اور میٹ ہے نے 2,2 جبکہ شان فوچے نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی پوری ٹیم 30.3 اوورز میں 107 رنز پر پویلین لوٹ گئی، میٹ ہے 34، لیام فوکس 18، لوفٹی ایٹن اور ڈی ویلیئرز 15,15 جبکہ عمران شاہ 10 رنز بنا سکے۔ محمد طحٰہ اور شاہین آفریدی نے 3,3 شکار کیے۔