لاہور+لتدن (نوائے وقت رپورٹ+عارف چود ھری ) مریم نواز نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ جمہوریت کے نام لیواؤں کو جمہوریت کی قبریں کھودنے والے گورکن سے اتحاد مبارک ہو، کیا اس طرح عوام کا راستہ روک لو گے؟ انشاء اللہ نہیں۔ نواز شریف کی عوامی طاقت کے خوف نے ان کو قادری کے کھونٹے سے باندھ دیا۔ یہ تاریخ کا جبر نہیں تو اور کیا ہے۔ انہوں نے اپنی والدہ سے متعلق ٹویٹ میں کہا کہ امی کی کیموتھراپی کا پانچواں سیشن ہوا ہے۔ اللہ میری والدہ اور تمام ماؤں کو سلامتی دے اور بہترین صحت عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ جو پاکستان کا شہری نہیں جس نے وقت پڑنے پر پاکستان کے خلاف ہتھیار اٹھانے کا حلف لے رکھا ہے جس کی وفاداریاں اغیار سے ہیں آج وہ اس قوم کے نام نہاد لیڈروں کا لیڈر ہے۔لندن سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کیموتھراپی کے 5 ٹریٹمنٹ کرانے کے بعد ہسپتال سے گھر پہنچ گئیں۔ کچھ روز بعد ان کی چھٹی کیموتھراپی ہو گی اور ٹیسٹ دیکھنے پر ڈاکٹرز کا بورڈ انہیں سفر کی اجازت دیدے گا۔