واشنگٹن(نوائے وقت رپورٹ/این این آئی) سربراہ امریکی سی آئی اے مائیک پومپیو نے امریکی میڈیا سے گفتگو میں الزام لگایا ہے پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کر رہا ہے۔ پاکستان میں محفوظ پناہ گاہوں میں دہشت گرد امریکہ کیلئے خطرہ ہیں۔ پاکستان کو بتا دیا ہے اب مزید برداشت نہیں کیا جائیگا، ہم نے پاکستان کو موقع دیا ہے پاکستان مسائل پر قابو پا لیتا ہے تو دوبارہ پاکستان کا پارٹنر بننے پر خوشی ہو گی۔ پاکستان نے ایسا نہ کیا تو امریکہ کا تحفظ کریں گے۔ این این آئی کے مطابق امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے کہا ہے صدر ٹرمپ نے ٹوئٹر پیغامات کے ذریعے متعدد ملکوں کو نشانہ بنایا ہے جن میں ایرانی حکومت کو گرانے کیلئے مظاہرین کو اکسانا، شمالی کوریا کو دھمکیاں دینا اور فلسطینیوں کی امداد میں کمی کا مطالبہ شامل ہے۔ اخبار کے یورپ کیلئے سفارتی نمائندے سٹیون ارلانگر نے اپنے کالم میں لکھا ٹرمپ کی ٹوئٹر دھمکیوں نے امریکی ساکھ کو مجروح کیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کی امداد روکنے کے حوالے سے بھی اسی راستے پر چل رہے ہیں۔ کالم میں لکھا گیا امریکی پالیسی نے پاکستان کو چین کے ساتھ خصوصی تعلقات بنانے پر مجبور کر دیا ہے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ترجمان پیناگون نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان سے کیا چاہتا ہے پاکستان کو آگاہ کر دیا۔ طالبان، حقانی نیٹ ورک قیادت اور حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے عناصر کو پاکستان اس محفوظ ٹھکانے نہیں ملنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ امداد بحالی کیلئے پاکستان کو اقدامات سے آگاہ کر دیا ہے۔ امریکہ نے ٹھو اقدامات سے پاکستان کو آگاہ کر دیا ہے طالبان نے حقائق نیٹ ورک کو پاکستان میں محفوظ پناہ گاہیں ملیں پاکستان سے ہماری توقعات بالکل واضح ہیں افغان طالبان یا حقانی نیٹ ورک کارروائی کیلئے پاکستانی سرزمین استعمال نہ کر سکیں ۔
اسلام آباد +بیجنگ ( سپیشل رپورٹ +آئی این پی)چین دہشت گردی کے حوالے سے لگائے گئے الزامات پر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، چین کا کہنا ہے دہشت گردی کو کسی ایک ملک کے ساتھ نہیں جوڑا جا سکتا، پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی ذمہ داری پوری کر رہا ہے، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں اور کامیابیاں شراکت داری کی اعلیٰ مثال ہیں،بین الاقوامی برادری دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات سے مطمئن ہے، امریکہ پاکستان سے باہمی احترام کا رشتہ قائم رکھے، چین نے ہمیشہ باہمی احترام اور شراکت داری پر مبنی رشتوں کا احترام کیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکھانگ نے کہا ہے کہ چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور حال ہی میں ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان کی مذمت کرتے ہیں ۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چین ممکنہ امریکی پابندیوں پر اپنے برادر ملک پاکستان کے ساتھ ہر طرح کے تعاون کو تیار ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ دہشت گردی ختم کرنا کسی ایک ملک کے بس میں نہیں ۔ دہشت گردی پوری دنیا میں ہو رہی ہے۔ اس دہشت گردی کو کسی ایک ملک سے جوڑنا مناسب نہیں۔ اس کے سد باب کے لئے مشترکہ تعاون درکار ہوتا ہے۔ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان اپنی ذمہ داریاں اچھے طریقے سے نبھا رہا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں اور کامیابیاں شراکت داری کی اعلیٰ مثال ہیں۔چین کا مئوقف ہے کہ امریکہ پاکستان کے احترام کی پاسداری رکھے اور ایسے اقدامات سے گریز کرے جس سے تعلقات میں بگاڑ پیدا ہو۔ چین کی خواہش ہے کہ امریکہ پاکستان سے باہمی احترام کا رشتہ قائم رکھے۔ لوکھانگ نے کہا کہ چین پاکستان پر لگائے گئے امریکی الزام کو مسترد کرتا ہے ۔امریکہ کا پاکستان پر الزام بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ باہمی احترام پر مبنی تعلقات اور شراکت داری کے لئے چین اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ چین نے ہمیشہ باہمی احترام اور شراکت داری پر مبنی رشتوں کا احترام کیا ہے۔این این آئی کے مطابق چین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی ایک بار پھر تعریف کرتے ہوئے کہا ہے ایک دوسرے پر انگلی اٹھانا انسداد دہشت گردی کی عالمی کوششوں کیلئے سازگار نہیں۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پریس بریفنگ میں کہا چین نے کسی بھی خاص ملک کے دہشت گردی سے وابستہ ہونے کی مخالفت کی اور کسی بھی خاص ملک میں انسداد دہشت گردی کی ذمہ داری عائد کرنے سے اتفاق نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی دنیا کی مشترکہ دشمن ہے اور اس کے خاتمے کیلئے عالمی برادری کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔