لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ دن بدن سینٹ الیکشن اور عام انتخابات پرگردو غبار کے بادل گہرے ہورہے ہیں اور ایک بے یقینی کی کیفیت پیدا کی جارہی ہے جو قومی یکجہتی اور ملکی استحکام کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ احتساب کے لیے سپریم کورٹ اور نیب کچھوے کی چال چل رہے ہیں جبکہ قوم خرگوش کی چال سے احتساب چاہتی ہے ۔ جماعت اسلامی نے پانامہ لیکس کے جن 436 کرداروں کے خلاف پٹیشن دائر کی ہے، ان کو جلد از جلد احتساب کے کٹہرے میں لایا جائے اور عدلیہ احتساب کے عمل کو جلد مکمل کرے ۔ امریکہ پاکستان کی زمینی و فضائی حدود بھی استعمال کر رہا ہے اور پاکستان کو آنکھیں بھی دکھا رہا ہے۔ امریکہ کو اس کی اوقات میں لانے کے لیے فوری طور پر نیٹو سپلائی بند اور زمینی و فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ امریکہ کے ساتھ اتحاد کا پاکستان کو سراسر نقصان اٹھانا پڑا۔ ہم اپنے جوانوں کے لاشے اٹھاتے رہے اور امریکہ ہم پر الزام لگاتا رہا۔ جماعت اسلامی نے پندرہ سال پہلے جو موقف اپنایا تھا، وہ آج پوری قوم تسلیم کر چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بغیر ویزوں کے آنے والے امریکوں کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں اور جن لوگو نے آئین و قانون کو پامال کرتے ہوئے بغیر ویزے کے امریکی تخریب کاروں کو گھسنے کی اجازت دی، ان کا بھی محاسبہ ہونا چاہیے۔ عدالت عالیہ بیرونی بنکوں میں منتقل کی گئی دولت کی واپسی کا ایک میکنزم بنائے اور جن لوگوں نے ملک و قوم کو لوٹا ہے، انہیں گرفتار کر کے جیلوں میں بندکیا جائے۔
سینٹ اور عام انتخابات پر گردوغبار کے بادل گہرے ہو رہے ہیں : سراج الحق
Jan 09, 2018