اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ نام نہاد مصنوعی بھاری مینڈیٹ جھاگ کی طرح بیٹھ چکا اس لئے مسلم لیگ (ن) والے بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں۔ مریم نواز اور مسلم لیگی وزراء کی بیان بازی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خاندان شریفین اور ان کے ایجنٹ چاہتے ہیں کہ سانحہ ماڈل ٹائون کی بات بھی نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون میں بے گناہ اور معصوم انسانوں کو سرعام قتل کیا گیا۔ اگر ایسا واقعہ سندھ میں ہوتا تو نہ صرف وزیراعلیٰ بلکہ وزیر داخلہ، ہوم سیکرٹری اور آئی جی پولیس جیل میں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دانستہ طور پر باور کرایا جا رہا ہے کہ تختہ رائے ونڈ اور اس کے وزراء قانون سے بالاتر ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ جعلی بھاری مینڈیٹ کا غرور خاک میں مل چکا۔ اب تخت رائے ونڈ کو ہر ظلم کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی چاروں صوبوں میں تاریخی کامیابی حاصل کرے گی۔ اس کے بعد معصوم انسانوں کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔