قاری محمد زوار بہادر کو پولیس نے 16سال پرانے مقدمہ میں گرفتار کر لیا ‘عدالت نے رہاکردیا

لاہور(خصوصی نامہ نگار) معروف عالم دین اور جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ علامہ قاری محمد زوار بہادر کو پولیس نے 16سال پرانے مقدمہ میں گزشتہ روز گرفتار کر لیا جنہیں بعد میں عدالت نے ضمانت پر رہائی دیدی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پرانی انارکلی پولیس نے قاری زوار بہادر کو 2003ء میں امریکی حملے کے خلاف عراق کی حمایت میں جلوس نکالنے کے جرم میں گرفتار کیا، مذکورہ ایف آئی آر میں اہلسنّت کے 20 سے زائد قائدین کو نامزد کیا گیا تھا جن میں متعدد رہنما اس جہان فانی سے کوچ کر چکے ہیں۔گرفتاری کے بعد پولیس نے انہیں عدالت میں پیش کیا ۔ عدالت نے اس مقدمے میں گرفتاری پر پولیس پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے فوری رہا ئی کا حکم دیا ۔ دریں اثناء جمعیت علماء پاکستان کے رہنمائوں پروفیسر ڈاکٹر جاوید اعوان ، علامہ حافظ نصیر احمد نورانی ،علامہ اظہر حسین فاروقی ،مفتی تصدق حسین ،مولانا محمد سلیم اعوان ،رشید احمد رضوی ،مہر محمد ارشد ،عثمان محی الدین اور دیگرنے گرفتاری کی مذمت کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن