لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ قاضی حسین احمد سے بہت کچھ سیکھا، پاکستانی سیاست میں ان جیسا لیڈر نہیں ہو سکتا، قاضی حسین احمد اور عمران خان کا ماٹو ایک ہی ہے، قاضی صاحب نے کہا تھا کہ ہمت اور جرأت کے بغیر کوئی لیڈر نہیں بن سکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پلاک میں سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد مرحوم کی نایاب تصاویر کی نمائش کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قاضی حسین احمد سے جذباتی و والہانہ تعلق تھا، قاضی حسین احمد سے بہت کچھ سیکھا، آج اگر میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں تو اسی جرأت اور بہادری کی وجہ سے کھڑا ہوں۔ قاضی حسین احمد کو ہمیشہ پاکستان کی خاطر جرأت اور حوصلے سے کھڑے دیکھا۔ پاکستان میں ظلم و جبر کیخلاف ڈٹ جانے والا قائد نہ اس سے پہلے کوئی تھا نہ ہی اب کوئی اور ہوگا۔ میں قاضی حسین احمد کو اپنا روحانی استاد مانتا ہوں، ان سے ہم نے ہمت، جوش اور ولولہ سیکھا ہے اور انہی سے حق کی خاطر ڈٹ جانا، لڑنا اور مرنا سیکھا ہے۔ میں نے 1996ء کے دھرنوں میں قاضی حسین احمد کو گولیوں اور لاٹھیوں کے سامنے ہمت اور جرأت کے ساتھ ڈٹے ہوئے دیکھا ہے۔ تب قاضی حسین احمد نے مجھے کہا تھا کہ قیادت کی سب سے اہم خصوصیت ہمت و جرأت ہی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستانی سیاست میں قاضی حسین احمد جیسا لیڈر ڈھونڈنا مشکل ہے۔