اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان نے افغان مسئلے کے سیاسی اور پرامن حل کیلئے بھرپور کردار ادا کیا ہے، افغانستان میں قیام امن خطے میں امن و استحکام کیلئے ضروری ہے۔ منگل کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے نمائندہ خصوصی افغان صدر عمر دائودزئی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں عمر دائود زئی نے کہا کہ افغان مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا وقت آگیا ہے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے افغان نمائندے کو افغان امن کیلئے پاکستان کے کردار سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی کاوشوں کی بدولت دنیا ہمارے موقف کی تائید کر رہی ہے۔ افغانستان میں قیام امن پورے خطے کیلئے امن و استحکام کا ضامن ہے۔ افغان صدر کے خصوصی نمائندے نے افغان مفاہمتی عمل کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ علاوہ ازیں شاہ محمود قریشی سے ڈی جی عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر ٹیڈ روس نے ملاقات کی‘ ملاقات میں پاکستان میں پولیو کے خاتمے اور حاصل کئے گئے اہداف پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے پاکستان میں پولیو سے نمٹنے کے لئے ڈبلیو ایچ او کی خدمات کو سراہا۔ ڈاکٹر ٹیڈ روس نے صحت کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
افغانستان میں امن کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے: شاہ محمود: مسئلہ بات چیت سے حل کرنے کا وقت آگیا: عمر دائودزئی
Jan 09, 2019