اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) کورکمانڈرز کانفرنس گزشتہ روز جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت منعقد ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء کانفرنس نے ملک میں قیام امن کے لئے کی جانے والی کوششیں جاری رکھنے اور علاقائی امن کے لئے تمام اقدامات کی حمایت پر اتفاق کیا اور ملک کی سلامتی کے حالات، جیو سٹرٹیجک صورتحال اور جاری آپریشنز کا جائزہ لیا گیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے کنٹرول لائن پر بھارت کی جانب سے سرحدی اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور معصوم شہریوں کو دانستہ نشانہ بنانے سمیت مشرقی سرحدوں پر سلامتی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے اور افغان مفاہمتی عمل بھی زیر غور آیا۔ اجلاس کے شرکاء نے علاقائی امن اور ملک میں قیام امن یقینی بنانے کے لئے تمام کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کورکمانڈر کانفرنس میں بھارتی سیاسی و عسکری قیادت کے حالیہ بیانات پر بھی غور کیا گیا جبکہ پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کے عمل کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
امن کے لئے کوشش جاری رکھیں گے:کور کمانڈرز کانفرس: بھارتی سرحدی خلاف ورزیوں کا جائزہ
Jan 09, 2019