آسٹریلیا میں پاکستان سمیت 14 ممالک کے سفارتخانوں کو بیک وقت مشتبہ پیکٹس موصول

آسٹریلیا میں غیر ملکی سفارتخانوں میں اس وقت ایک ہلچل مچ گئی جب ایک ہی دن میں پاکستان سمیت 14 ممالک کے سفارتخانوں کو مشتبہ پیکیٹ موصول ہوا جو کیمیکل پاؤڈر سے بھرا ہوا تھا۔سفارتی ذرائع کے مطابق مشتبہ پیکٹس موصول ہونے کے واقعات آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا اور تجارتی شہر میلبرن میں پیش آئے۔

میلبورن میں واقع پاکستانی قونصل خانے کی ایک خاتون سفارتکار نے مشتبہ پیکٹ موصول کیا جو بظاہر ایک لفافے جیسا تھا لیکن جب اسے کھولا گیا تو اُس کے اندر کیمیکل پاؤڈر موجود تھا۔

پاکستانی سفارتخانے کو موصول ہونے والے پیکٹ میں موجود کیمکیل پاؤڈر کو 'اسبیٹوس' کہا جاتا ہے۔سفارتی ذرائع نے بتایا کہ اس مشتبہ پاؤڈر کو سفارتخانے کے کمپاؤنڈ میں علیحدہ کرکے رکھ دیا گیا جہاں آسٹریلیا کی کیمیکل ہینڈلنگ ٹیم نے اس کا معائنہ کیا کیونکہ اس سے سفارتخانے میں موجود افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ مشتبہ پیکٹس پاکستان کے علاوہ امریکا، جرمنی، اٹلی، بھارت، اسپین، سوئٹزرلینڈ، مصر اور نیوزی لینڈ سمیت 14 ممالک کے سفارتخانوں کو موصول ہوئے۔پولیس کی جانب سے مشتبہ پیکٹس بھیجے جانے کے بعد کئی ممالک کے سفارتخانوں کو خالی کروالیا گیا۔تاہم خیال رہے کہ مشبہ پیکٹس سے سفارتخانوں کے عملے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

ادھر آسٹریلیا کے محکمہ خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انہوں نے دارالحکومت میں موجود تمام سفارتخانوں کو مشتبہ پیکٹ کے حوالے سے الرٹ رہنے سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔
 

ای پیپر دی نیشن