لاہور(نیوزرپورٹر) نواب صدیق علی خان کا شمار قائداعظمؒ کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا ۔ آپ نے قیام پاکستان کی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔نواب صدیق علی خان نے ہندوؤں کی بعض مذہبی تحریکوں کے مقابلے میں اسلام کی تبلیغ و ترویج میںنمایاں کردار ادا کیا۔ان خیالات کااظہار پروفیسرمحمد حنیف عباسی نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ، شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں تحریک پاکستان کے ممتاز رہنماومسلم نیشنل گارڈز کے سالار اعلیٰ نواب صدیق علی خان کے یوم وفات کے موقع پران کی حیات وخدمات سے آگہی دینے کیلئے منعقدہ خصوصی لیکچر کے دوران کیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک ، نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانہ سے ہوا۔پروفیسرمحمد حنیف عباسی نے کہا کہ نواب صدیق علی خان1900ء میں ناگپور میں پیدا ہوئے اورتعلیم بھی وہیں سے حاصل کی۔ والد کی وفات کے بعدانہوںنے قومی سرگرمیوں میں حصہ لینا شروع کردیا۔ 1929ء میں انجمن ہائی سکول ناگپور کی مجلسِ انتظامیہ کے معتمدِ عمومی منتخب ہوئے‘ اسی دور میں ناگپور میونسپل کمیٹی کے رکن اور بعد میں ضلع کونسل اور لوکل بورڈ کے ممبر بھی منتخب ہوئے۔ نواب صدیق علی خان نے ہندوؤں کی بعض مذہبی تحریکوں کے مقابلے میں اسلام کی تبلیغ و ترویج میں اہم اور پرجوش حصہ لیااور ضلعی کونسل اور لوکل بورڈ کے اجلاسوں میں ہندوؤں کے مذموم ارادوں اور سکیموںکو بے نقاب کیا۔
نواب صدیق علی نے تحریک پاکستان میں بھرپور حصہ لیا:پروفیسرمحمد حنیف
Jan 09, 2020