اسلام آباد(نا مہ نگار) انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز اسلام آباد کے اشاعتی بازو آئی پی ایس پریس کے تحت شائع ہونے والی کتاب’’نیگوشی ایٹنگ دی پاور کاریڈورز‘‘کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہ کتاب سوانح عمری کے نوٹس اور ایک ایمان دار اور خدمت کے جذبے سے سرشار سرکاری ملازم کی کہانیوں کا مجموعہ ہے جس نے40سال سے زائد عرصہ اقتدار کی راہداریوں میں خدمات سرانجام دی ہیں۔
کتاب اس عوامی تاثر کی نفی کرتی نظر آئے گی کہ سرکاری ملازمین بے حد اختیارات اور مراعات سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور بڑی دلکش زندگی گزارتے ہیں۔ تقریب سے آئی پی ایس کے ایگزیکٹو پریزیڈنٹ خالد رحمن، سابق چیف سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر ظفر قادر، ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور وزیر اعظم پاکستان کی اقتصادی مشاورتی کونسل کے رکن ڈاکٹر عابد قیوم سلہری، چیف کلکٹر کسٹمز آصف محمود جاہ اور ڈاکٹر شہزاد اقبال شام نے خطاب کیا۔