وزیراعظم عمران خان نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو امریکا، ایران اور سعودی عرب کا دورہ کرکے وزرائے خارجہ اور سیکریٹری آف اسٹیٹ سے ملاقات کرکے امن کیلئے کردار ادا کرنے اور جنگ کا حصہ نہ بننے کا پاکستانی مؤقف واضح کرنے کی ہدایت کردی جبکہ آرمی چیف کو بھی فوجی رہنماؤں سے رابطے کا کہا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بتایا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ایران، سعودی عرب اور امریکا کا دورہ کرکے وزرائے خارجہ اور سیکریٹری آف اسٹیٹ سے ملاقاتوں جکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو فوجی سربراہان سے رابطے کی ہدایت کی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ اور آرمی چیف متعلقہ رہنماؤں تک واضح پیغام پہنچائیں گے کہ پاکستان امن کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے تاہم آئندہ کسی بھی جنگ کا حصہ نہیں بن سکتا۔
امریکا کی جانب سے ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کو عراق میں میزائل حملہ کرکے قتل کرنے کے بعد سے خطے کی صورتحال کشیدہ ہے، ایران نے قاسم سلیمانی کی تدفین سے قبل عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر کئی میزائل فائر کئے، جس میں اب تک 80 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں تاہم عراق اور امریکا کی جانب سے اپنے فوجیوں کی ہلاکت کی تردید کی گئی ہے۔
اس سے قبل اومان کے اوقاف اور مذہبی امور کے وزیر عبداللہ بن محمد بن عبداللہ السلمی نے آج (بدھ کو) اسلام آباد میں وزیراعظم عمر ان خان سے ملاقات کی، اس موقع پر مذہبی امور کے وزیر پیر نور الحق قادری بھی موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کی عراق میں امریکی حملے میں ہلاکت پر ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی سے پیدا ہونیوالی صورتحال پر گفتگو کی۔
وزیراعظم اور اومانی وزیر کی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ عمران خان نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزید کشیدگی سے بچنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ خطے میں جنگ کسی کے بھی مفاد میں نہیں، علاقائی تنازعات سے پاکستان کو بہت نقصان ہوا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران، امریکا کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی، ایران اور سعودی عرب کے تنازعات ختم کرنے کیلئے بھی کوشاں ہیں، پاکستان ہمیشہ امن کا شراکت دار بنے گا، پاکستان خطے میں قیامِ امن اور تنازعات کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے اومانی وزیر کو مقبوضۃ کشمیر میں بدترین انسانی صورتحال سے بھی آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 5 ماہ سے بدترین لاک ڈاؤن جاری ہے، عالمی برادری کو صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔