اسلام آباد: 2020 کی آمد کے ساتھ ہی خوبرو اداکارہ کنزیٰ ہاشمی نے ’سجنا‘ گا کر گلوکاری کے میدان میں قدم رکھ دیا اور مداحین سر دھنتے رہ گئے۔’سجنا‘ اصل میں نوجوان اور باصلاحیت گلوکارہ یشل شاہد نے گایا ہے مگر کنزیٰ ہاشمی نے اس کا کور گا کر اس گانے کو مزید شہرت بخش دی ہے۔
مقبول ڈرامہ سیریلز دلدل اور عشق تماشہ میں کنزیٰ ہاشمی کی اداکاری کو بہت سراہا گیا تھا۔
2019 کے اختتام پر کنزیٰ نے ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن (ایپ) انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں انہوں نے اپنی مداحوں کو جلد ہی ایک بڑا سرپرائز دینے کا اعلان کیا تھا۔
کنزیٰ نے لکھا تھا کہ ’اللہ کا شکر ہے کہ 2019 میرے لیے ایک بہترین سال تھا۔ اس سال میں میں نے بہت سی کامیابیاں سمیٹیں اور امید ہے کہ 2020 میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ میں جلد ہی اپنے مداحوں کو ایک بڑا سرپرائز دوں گی۔‘
’سجنا‘ کی صورت میں کنزیٰ نے اپنے مداحوں کو سرپرائز دے دیا۔
گلوکاری کے میدان میں قدم رکھنے کے حوالے سے کنزیٰ کا کہنا تھا کہ ‘گانا گانے کا تجربہ بہت شاندار رہا۔ میں ہمیشہ سے گلوکارہ بننا چاہتی تھی مگر مجھے یہ ڈر تھا کہ شاید سننے والوں کو میرا گانا پسند نہ آئے مگر مجھے بہت پذیرائی ملی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے مجھے بہترین سے نوازا ہے۔