زیتون کے باغبانوں کو مزید سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،سیکرٹری زراعت پنجاب

راولپنڈی (جنرل رپورٹر)خطہ پوٹھوار میں زیتون اور دیگر ہائی ویلیو کراپس کی کاشت کو مزید کامیاب بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی سے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی نے بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال کے دورہ کے دوران کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ زیتون کے باغبانوں کو مزید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ ملکی خوردنی تیل کی پیداوارکو بڑھانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
 زرعی سائنسدانوں کو زیتون اور دیگر ہائی ویلیوفصلات کی نئی اقسام کو متعارف کرانے کے لیے تحقیقی عمل کو مزید تیز کرنا ہو گا۔ خطہ پوٹھوار مختلف پھلوں کی کاشت کے لیے انتہائی موزوں ہے اور اس حوالہ سے کاشتکاروں کی مزید فنی رہنمائی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے بارانی ایگریکلچرل تحقیقاتی ادارہ چکوال کے دورہ پر وادی زیتون کے حوالے سے جاری زرعی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ بریفنگ کے دوران محمد رفیق ڈائریکٹر باری نے سیکرٹری زراعت پنجاب کو آگاہ کیا کہ اب تک خطہ پوٹھوار کے کاشتکاروں میں 12لاکھ 10ہزار پودے مفت فراہم کیے جاچکے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ ادارہ زیتون تیل کشید کرنے کی سہولت بھی مہیا کر رہا ہے جس سے زیتون کے باغبان استفادہ کر رہے ہیں ۔ سیکرٹری زراعت نے زیتون کے منصوبے کو سراہتے ہوئے اس کو وسعت دینے کی ہدایت بھی کی تاکہ خطہ پوٹھوار کے کسانوں کو معاشی فائدہ حاصل ہو اور قومی او ملکی سطح پر خالص خوردنی تیل بھی دستیاب ہو سکے ۔ اس کے علاوہ ادارے کے تحقیقاتی کام کا جائزہ بھی لیا۔ سیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی نے بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال میں پودا بھی لگایا۔ 

ای پیپر دی نیشن