سری نگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ کشمیریوں کی خواہشات کا احترام کرے ،کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے بھارت پردبائو بڑھائے۔ ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایک بیان میں کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورتحال پر عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی سے نہتے کشمیریوں پر مظالم جاری رکھنے میں بھارت کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے ۔ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے 5اگست2019اور اس کے بعد کئے جانے والے غیر قانونی اقدامات کا مقصد مقبوضہ جموںوکشمیر میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنا تھا۔انہوں نے کہاکہ 5اگست کے یکطرفہ اور غیر آئینی اقدامات کے بعد سے آر ایس ایس کی حمایت یافتہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں قتل عام اورغیر کشمیری ہندو ئوںکوآباد کرنے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے تاکہ جموں وکشمیر کے مسلم اکثریتی تشخص کو اقلیت میں تبدیل کیاجاسکے۔مقبوضہ پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے علاقے منکوٹ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں دو بھارتی فورسز اہلکار زخمی ہوگئے ہیں ۔ گزشتہ روز منکوٹ علاقے میں بھارتی فورسز کی گشتی پارٹی بارودی سرنگ کے دھماکے کی زد میں آگئی۔جس کے نتیجے میں2اہلکار زخمی ہوئے۔ دونوں زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ 5اگست2019کے بھارتی حکومت کے فیصلے سے کشمیر بھارت کے نزدیک نہیں بہت دور چلا گیا ہے ۔سابق وزیر اعلی مفتی محمد سعید کی پانچویں برسی پربجبہاڑہ میں اجتماعی فاتحہ خوانی کے بعد خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں و کشمیر کو آئین کی دفعہ 370کے تحت حاصل خصوصی آئینی حیثیت کی منسوخی جموں و کشمیر کے عوام سے ظلم ہے ۔ 5اگست2019 کے یکطرفہ فیصلے سے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو منسوخ کیا گیا تاہم اس سے جموں و کشمیر بھارت کے نزدیک نہیںآیا بلکہ بہت دور چلا گیا ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ اگر بھارتی حکومت جموں کشمیر میں امن چاہتی ہے تو انہیں مرحوم مفتی سعیدکا ہی طریقہ اختیار کرنا ہوگا ۔
عالمی برادری حق خود ارادیت دلانے کیلئے انڈیا پر دبائو بڑھائے،حریت کانفرنس
Jan 09, 2021