لاہور(نیوز رپورٹر )صوبائی وزیر قانون ،پارلیمانی امور و کوآپریٹوزراجہ بشارت سے نئے سی سی پی او غلام محمد ڈوگر نے ملاقات کی جس میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ راجہ بشارت نے کہا کہ تھانہ کلچر میں تبدیلی پی ٹی آئی حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ انہوں نے سی سی پی او کو ہدایت کی کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق قبضہ گروپوں کیخلاف جاری مہم کو مزید تیز کیا جائے، اسلحہ کی نمائش ،اغوا برائے تاوان ،ڈکیتیوں اور دیگر جرائم کے خاتمے پر بھرپور توجہ دی جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عوام کی توقعات پوری کرنے کیلئے سی سی پی او کو وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار اور حکومت کا بھر پور تعاون ملے گا۔ سی سی پی او نے وزیر قانون کو یقین دلایا کہ وہ تھانہ کلچر کی تبدیلی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔