سعودی عرب پاکستان کے ساتھ مضبوط تجارتی تعلقات کا خواہاں ہے،سعودی سفیر

Jan 09, 2021

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانا چاہتا ہے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں تجارت کو فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کو ایک تیزی سے ترقی کرتا ہوا ملک کے طور پر دیکھنا چاہتا ہے کیونکہ پاکستان پوری امت مسلمہ کے لئے بہت اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کمرشل اور سرمایہ کاری تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بہتر معاشی ترقی حاصل کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان کے مثبت پہلوؤں کو زیادہ اجاگر کیا جائے تا کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کی طرف زیادہ راغب ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا پاکستان کی مثبت چیزوں کو زیادہ اجاگر کرے جس سے بیرونی دنیا میں پاکستان کے بارے میں پایا جانے والا غلط تاثر دور ہو گا اور پاکستان کی حقیقی معاشی صلاحیت سے بہتر استفادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تجارتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین بہت خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ اندسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا ہے کہ وہ جلد پاکستان انٹرپرینورز اور بزنس مینز کا وفد لے کر سعودی عرب کا دورہ کریں گے ،اس کا مقصد سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر آمادہ کرنا اور خاص طور پر بھلوال اور فیصل آباد کے اکنامک ذونز کے اندر صنعتیں لگانے  کی تجاویز پیش کرنا ہے ،نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت بڑی بڑی کمپنیاں موجود ہیں ،جن کو پاکستان لانے کا کام ہونا چاہئے ،سعودی سفیر سے بھی کہا ہے کہ جب ان کی بھارت کے ساتھ اتنی بڑی تجارت ہے تو پاکستان  کے ساتھ تجارت میں اضافہ  نہ ہونے کی وجہ نظر نہیں آتی،انہوں نے کہا کہ ملک میں صنعت کاری کروانا ہے تو پورے ملک کو مراعات کا ذون بنا دیا جائے،ہر طرح کی مشنری اور پلانٹ ،خام مال کو ڈیوٹی فری کر دیا جائے،انہوں نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے بزنس بہت دبائو میں ہے ،شادی ہالز اور دوسرے ہالز بند ہونے کی وجہ سے اب تک50ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے،اسلام آباد چیمبر ایک سیمنار کرانے کی تیاری کر رہا ہجس مین طبی ماہرین اور اہم افراد ہون گے ،حکومتی سائیڈ سے لوگوں کو بلایا جا رہا ہے ،اس میں حکومت کو بتایا جائے گا کہ کس طرح دوسرے ممالک نے کرونا کے باوجود ریسٹورینٹ اور ہالز کو چلنے دیا ہے،اور صرف احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں۔

مزیدخبریں