ملک کو مفاداتی یا لبرل نہیں نظریاتی سیاست کی ضرورت ہے:عبدالغفارروپڑی

لاہور(خصوصی نامہ نگار)جماعت اہلحدیث کے امیر حافظ عبدالغفاررروپڑی نے کہا ہے کہ ملک کو مفاداتی یا لبرل نہیں بلکہ نظریاتی سیاست کی ضرورت ہے جس کی بنیاد پر یہ ملک حاصل کیا گیا۔ پاکستان کو مدینہ جیسی اسلامی اور فلاحی ریاست بنانے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے اسلام کا معاشی نظام نافذ کرنا ہوگا۔ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر پر آئینی جارحیت اور کشمیریوں کے قتل عام سے بھارت کا غیر قانونی و ناجائز قبضہ کبھی بھی جائز یا قانونی نہیں بن سکتا۔کشمیریوں کو غلام بنانے کے لئے ہندوستان نئی قانون سازیاں کر رہا ہے۔ بھارتی حکمران اپنی عدلیہ کو کشمیریوں ہی نہیں بلکہ مسلمانوں اور اقلیتوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت بھارت کے جنگی جنون اور جارحیت کو روکنے کے لئے فیصلہ کن عملی اقدامات کرے کیوں کہ بھارت کی کوئی بھی قانون سازی کشمیر کی متنازعہ حیثیت اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو ختم نہیں کر سکتی۔ کشمیری بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف جدوجہد تیز کریں گے اور شہدا کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چاہے پورے بھارت کی جنگی جرائم میں ملوث فوج اور انتہا پسند آ جائیں۔

ای پیپر دی نیشن