لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کے پہلے امیر ترین شخص معروف صنعتکار اور فلاحی شخصیت کے طور پر جانے والے سیٹھ عابد گزشتہ روز انتقال کر گئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق انکی نماز جنازہ آج نماز عصر کے وقت کراچی میں ادا کی جائیگی۔ سیٹھ عابد کراچی کے ایک نامور صراف کے بیٹے تھے‘ وہ ہمیشہ مختلف قیاس آرائیوں کے باعث پراسرار شخصیت کے مالک رہے انہیں لاہور میں ایک بڑی ہاؤسنگ سوسائٹی کا مالک بھی کہا جاتا رہا تاہم وہ مختلف سماجی اور فلاحی تنظیمیں بھی چلاتے رہے۔ وہ طویل عرصہ سے گوشہ نشین تھے تاہم کچھ عرصہ قبل وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان شارجہ میں کرکٹ میچ کے حوالہ سے بات چیت میں سیٹھ عابد کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیٹھ عابد نے شوکت خانم ہسپتال پر بہت مدد کی ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق سیٹھ عابد کی نماز جنازہ آج حافظ ایاز مسجد ڈیفنس فیز 2 میں پڑھائیں گے۔ سیٹھ عابد کی عمر 85 برس تھی۔
پاکستان کے پہلے امیر ترین شخص سیٹھ عابد انتقال کر گئے‘ نماز جنازہ آج کراچی میں ہو گی
Jan 09, 2021