ہزارہ کانکنوں کے قتل میں بین الاقوامی مافیا ملوث ، کچھ لوگ سیاست کررہے ہیں: شیخ رشید

  اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ہزارہ  برادری کے قتل میں انٹرنیشنل مافیا ملوث ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ  شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی نئی لہر ہے۔ پشاور، لاہور، کراچی اور کوئٹہ میں دہشت گردی کی اطلاعات ہیں۔ ہم نے سرگودھا‘ اسلام آباد اور کراچی سے دہشت پکڑے ہیں۔ ہم نے چار ایسے گروہوں کو پکڑا جو شیعہ سنی کے درمیان لڑائی کروانا چاہتے تھے۔ جبکہ ہزارہ کمیونٹی کے قتل میں انٹرنیشنل مافیا ملوث ہے۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ہزارہ برادری کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں، کوئٹہ کا واقعہ ہوا تو اگلے دن وزیر اعظم کی ہدایت پر وہاں پہنچ گیا۔ ہمارے وزا بھی کوئٹہ میں موجود ہیں۔ جو افغانی شہید ہوئے ہیں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی ہے۔ ایف سی کو ہدایات جاری کی ہیں۔ میتیں سب کی سانجھی ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے تمام مطالبات تسلیم کرلیے ہیں۔ کچھ  لوگ اس المناک حادثے پر بھی سیاست کررہے ہیں۔ سیاست کے لیے بڑا وقت ہے یہ وقت سیاست کا نہیں۔ ملک میں اور بھی مسائل ہیں۔ ذلفی بخاری اور علی زیدی کوئٹہ میں ہیں۔ امید ہے معاملہ حل ہوجائے گا۔ جیسے ہی تدفین ہو وزیر اعظم جانے کے تیار ہیں۔ عمران خان چاہتے ہیں تدفین کے بعد جائیں تاکہ کھل کر بات چیت ہوسکے۔ اس سے قبل  اسلام آباد کی پولیس اکیڈمی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے  وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سے ساری چیک پوسٹس ختم کیں، 6 وارداتوں میں سے 4 کے ملزمان پکڑلئے، ویزے آن لائن کرکے کرپشن ختم کر دی، ایگزٹ کا ویزا بھی آن لائن کر رہے ہیں، ایف آئی اے اور نادرا کو بھی ٹھیک کریں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ 19 جنوری کو اپوزیشن الیکشن کمیشن کے سامنے آ رہی ہے، فارن فنڈنگ میں پی پی اور (ن) لیگ کے دستخط نہیں ہیں، اگلے تین ماہ سیاست میں بہت اہم ہوں گے،  پی ڈی ایم اے کے جلسے ناکام ہورہے ہیں۔ وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کسی بھی وقت کوئٹہ جا سکتے ہیں، ہماری رائے سے پہلے ہی وزیراعظم کوئٹہ جانے کا فیصلہ کر چکے ہیں، حملے میں جو افغان شہید ہوئے ان کے لواحقین کو بھی پیسے دینا چاہتا ہوں۔ شیخ رشید نے واضح کیا کہ آئی جی اسلام آباد کو اسامہ ستی کے حساس معاملہ پر ہٹایا، ایف آئی اے کے افسران کو بھی تبدیل کریں گے۔ شیخ رشید نے کہا  سات افغان شہداء کو بھی معاوضہ دیا جائیگا۔ تفرقہ بازی ختم کرنا وزیراعظم کی سوچ ہے اور بھارتی ایجنڈا اور بھارتی پے رول پر کام کرنے والوں سے خطرہ ہے۔ مریم نواز اور بلاول بھٹو نے کوئٹہ میں سیاسی تقریریں کیں۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے دھرنے والوں سے کہا ڈٹے رہو‘ بیٹھے رہو۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...