امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا ہے کہ اگر صدر ٹرمپ نے فوری استعفی نہ دیا تو ان کا مواخذہ کیا جائےگا، ٹرمپ امریکا کےلئے سیکیورٹی رسک بن چکے ہیں۔اسپیکر نینسی پلوسی کاکہنا تھا کہ اگر امریکی صدر ٹرمپ فوری طور پر استعفی نہیں دیتے تو ایوان کیپیٹل ہل واقعے کی حوصلہ افزائی کرنے پر ان کے مواخذے کی تحریک پر کارروائی شروع کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ایوان نمائندگان کے ممبران کو امید ہے کہ ٹرمپ فوری استعفی دیں گے لیکن وہ ایسا نہیں کرتے تو میں نے ایک رولز کمیٹی تشکیل دی ہے جو کانگریس رکن جیمی راسکن کے ساتھ مل کر صدر کے مواخذے کے لیے 25 ویں ترمیم کی قانون سازی کے تحت تحریک پیش کرنے کی تیاری کرے گی۔اسپیکر کا کہنا تھا کہ ایوان کے پاس ٹرمپ کو ہٹانے کے لیے 25 ویں ترمیم، مواخذے کی تحریک اور قرارداد سمیت ہر آپشن موجود ہے۔دوسری جانب کانگریس کی خاتون رکن پرمیلا جے پال نے بھی مطالبہ کیا کہ صدر کے مواخذے کی کارروائی فوری شروع کی جانی چاہیے اور اسے ابھی کرنا چاہیے۔کانگریس رکن کیلی کاہلے نے بھی 25 ویں ترمیم یا مواخذے کے ذریعے صدر کو فوری ہٹانے کی بھرپور حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ وائٹ ہاﺅس میں ٹرمپ کا ہر دن امریکا کے لیے انتہائی غیر محفوط ہے۔
ٹرمپ سیکیورٹی رسک بن چکے ہیں، مستعفی نہ ہوئے تو مواخذہ کیا جائےگا، نینسی پلوسی
Jan 09, 2021 | 15:22